غریب آباد کے علاقے میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے حوالے سے تیسرے دن بھی کارروائی جاری رہی

بدھ 12 دسمبر 2018 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی میں بدھ کو لیاقت آباد سے ملحقہ غریب آباد کے علاقے میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے حوالے سے تیسرے دن بھی کارروائی جاری رہی جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات سمیت لیاقت آباد اور گلبرگ ٹائون کے عملے کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کی جانب سے فراہم کی گئی افرادی قوت بھی شریک ہے، تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی غریب آباد (نزد لیاری ایکسپریس وی)کے نیچے پرانا فرنیچر مارکیٹ کے مقام سے شروع کی گئی ہے اس دوران ان غیرقانونی تعمیرات کو ہٹایا گیا ہے جو فٹ پاتھوں پر بہت آگے تک بنائی گئی تھیں اور جس کے باعث بعض مقامات پر ریلوے پٹری بھی زیر زمین چلی گئی تھیں، ادھر دوسری جانب ضلع غربی میں شیرشاہ اکبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی میں 10 غیرقانونی گودام مسمار کئے گئے جو نالے اور فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے تھے جبکہ ضلع کورنگی میں ملیر کالا بورڈ کے مقام پر تجاوزات کے خلاف ہونے والی ایک اور کارروائی میں فٹ پاتھوں اور غوثیہ پارک میں بنی7غیرقانونی دکانوں کو مسمار کردیا گیا جبکہ دیگر غیرقانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا گیا ہے ، شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے غریب آباد کے مقام پر تین دن قبل کام شروع کیا گیا تھا جس میں پاکستان ریلوے کی جانب سے افرادی قوت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں 120 مزدوراور 25 سپروائزرز بھی شامل ہیں ، ابھی تک اس جگہ پر تقریباً ایک کلو میٹر تک کے فاصلے پر سے تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں، مذکورہ مقام پر تجاوزات کے خلاف جاری اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات ضلع وسطی کی میونسپل کارپوریشن (لیاقت آبادو گلبرگ ٹائون)اور پاکستان ریلوے کے تعاون سے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے بتایا کہ غریب آباد (بلوچ ہوٹل) سے ریلوے ٹریک پر تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے جو پاپوش نگر (بڑابورڈ)تک جاری رہے گا، ریلوے لائن کے اس حصے کا فاصلہ تقریباً 7.2 کلو میٹر پر محیط ہے جس پر سے تجاوزات ہٹانے کا عمل مستقل جاری ہے، شہر کے مختلف حصوںمیں جاری انسداد تجاوزات مہم سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی سربراہی میں مکمل کرائی جا رہی ہے، بدھ کو غریب آباد میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے تجاوزات ہٹانے کا کام ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال اور سعید احمد وارثی، ضلع غربی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری اور ضلع کورنگی میں ڈائریکٹر لینڈ مسرور علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر خالد نے اپنی نگرانی میں مذکورہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مکمل کرایا اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مکمل تعاون حاصل رہا�

(جاری ہے)

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں