آئی جی سندھ نے پولیس موبائل ورکشاپ کا افتتاح کر دیا

اچانک خراب ہوجانے والی پولیس وینز، موبائل کی بروقت مرمت کو یقینی بنایا جائے گا، ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:56

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک سادہ تقریب سندھ پولیس موبائل ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ڈاکٹر جمیل، ڈی آئی جی فائنانس، ڈی آئی جی آپریشن، اے آئی جی فائنانس، اے آئی جی ایم ٹی، اے آئی جی آپریشنز سندھ اور اے آئی جی ایڈمن سی پی او بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی نے بتایا کہ موبائل ورکشاپ کا مقصد شہر میں محکمانہ امور میں مصروف اور اچانک خراب ہوجانے والی پولیس وینز، موبائل کو درکار مرمت کو ناصرف فوری اور بروقت یقینی بنانا ہے بلکہ اسے درست حالت میں رکھتے ہوئے پولیس کے مجموعی اقدامات کو مؤثر اور ٹھوس بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس موبائل ورکشاپ آٹو موبائل رپیئرنگ کے حوالے سے درکار تمام ضروری سازو سامان، ٹولز سے لیس ہے، شعبہ مکینکل میں مہارت رکھنے والے مکینکس کا تعلق بھی سندھ پولیس سے ہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی کی جانب سے موبائل ورکشاپ کے بنانے میں ان کی تمام تر کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ سندھ کے تمام اضلاع کے لئے ایسی ہی موبائل ورکشاپ سروس کے آغاز کے لئے تمام تر قواعد وضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اندرون تین ماہ ہر ضلع کے لئے سندھ پولیس موبائل ورکشاپ کے قیام کو یقینی بناتے ہوئے اس ضمن میں درکار وسائل پر مشتمل تفصیلی سفارشات فوری طور پر برائے ملاحظہ ارسال کی جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں