آغاخان یونیورسٹی میںالخدمت رضاکاروں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

’’عصر حاضر میں بنیادی ہنگامی طبی امداد کی اہمیت‘‘ کے عنوان سے لیکچرز دیئے گئے ، رضاکاروں کی بڑی تعدادنے ورکشاپ میں حصہ لیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) آغا خان یو نیورسٹی کمیونٹی ہیلتھ اینڈسائنسزکے تحت الخدمت کے رضاکاروں کیلئے’’بنیادی ہنگامی طبی امداد ‘‘کے عنوان سے ورکشاپ منعقد کی گئی ۔ہنڈا اٹلس کے تعاون سے منعقدہ ورکشاپ میں الخدمت رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ورکشاپ کے مہمان خصوصی الخدمت کے ڈائریکٹرکمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین تھے ،جبکہ آغا خان یو نیورسٹی کمیونٹی ہیلتھ اینڈ سائنسز کے انچارج ڈاکٹریوسف میمن ،ہنڈا اٹلس کے امتیاز شیخ و دیگر ذمہ دارن موجودتھے ۔

اس موقع پر ڈاکٹرز نے ورکشاپ میں لیکچردیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ ہنگا می طبی امداد جیسی ورکشاپس رضاکاروںکیلئے نہایت ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالت میں ابتدائی طبی امداد اہمیت کی حامل ہوتی ہے ،مگر اس سے متعلق آگہی بھی ضروری ہے تاکہ مشکل صورت حال میں مریض کو ابتدائی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں ہنگامی بنیادی طبی امداد لازمی دی جانی چاہیے۔

ڈاکٹریوسف میمن نے کہا کہ الخدمت کی خدمات قابل قدر ہیں ،انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی آگاہی کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد مثبت قدم ہے۔ الخدمت کراچی نے رضا کاروں کیلئے آغاخان یونیورسٹی کمیونٹی ہیلتھ سائنسز اورہنڈا اٹلس کے تعاون پر اظہار تشکرکرتے ہوئے امید ظاہر کی آئندہ بھی اس طرح کی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں