کراچی میں سرکلر ریلوے کی زمین سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری

سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے 2.9 بلین ڈالر درکار ہیں، اس کا ڈیزائن بھی مکمل ہونے کو ہے،ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) کراچی میں سرکلر ریلوے کی زمین سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک کے مطابق سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے 2.9 بلین ڈالر درکار ہیں، اس کا ڈیزائن بھی مکمل ہونے کو ہے، نیا ڈیزائن پرانے ڈیزائن سے مختلف ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے چوتھے روز بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات میں دب جانیوالا ٹریک نکالا جارہا ہے، ریلوے ٹریک پر قائم غریب آباد مارکیٹ کے خاتمے کے بعد اب لیاقت آباد ریلوے اسٹیشن کا رخ کرلیا گیا، فی الحال رہائشی یونٹس کو چھوڑ کر دیگر تجاوزات ہٹائی جا رہی ہیں۔

ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک نے بھی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے آپریشن کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ سرکلر ریلوے کا ڈیزائن تبدیل ہوگا، پل بنائے جائیں گے، جس کیلئے بڑی رقم درکار ہے۔انہوں نے کہاکہ تجاوزات کا خاتمہ اور سرکلر ریلوے کا ڈیزائن مکمل ہونے کے بعد اس میں بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھ جائیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد انتظامیہ نے سرکلر ریلوے کے پرانے ٹریک کے اطراف قائم تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن شروع کیا، سب سے پہلے غریب آباد میں فرنیچر مارکیٹ کا خاتمہ کیا گیا جو ریلوے کی زمین پر غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں