حکمران سیاسی انتقام میں حدسے نہ بڑھیں، وقارحسین گورچانی

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوقارحسین گورچانی نے کہاہے کہ حکمران سیاسی انتقام میں اتناآگے نہ بڑھیں،ن لیگی قیادت کی پے درپے گرفتاریاں انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی میں منعقدہ مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس سے خطاب میں وقارحسین گورچانی، یاسرراجپوت، راناشاکر، سید ریحان ودیگرنے کہاکہ پی ٹی آئی کے متعدد ارکان پر کیس ہیں لیکن ان کو گرفتارنہیں کیاجاتاجبکہ اپوزیشن کو دبانے کے لئے تمام ترحربے استعمال کیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اوچھے ہتھکنڈوں سے لیگی قیادت کو دبایااور جھکایانہیں جاسکتا،ن لیگ نے ہر دورمیں جمہوریت کی آبیاری اور سربلندی کے لئے قربانیاں دی ہیں،وقت کاآمر بھی ن لیگی قیادت کوجھکانہیں پایا،حالیہ قیدوبندکی صعوبتیں ہمارے لئے نئی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وقارحسین گورچانی نے کہاکہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر پاکستان کو معاشی طور پر مکمل تباہ کر دیا ہے،تبدیلی کے نام پر تباہی آ رہی ہے،ڈاکو ڈاکو کا شور مچانے والے عوام کے گھروں میں ڈاکے ڈال رہے ہیں۔

موجودہ حکمرانوںنے اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیاہے،بلکہ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے عوام نے سکون کا سانس نہیں لیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ توواقعی تبدیلی لارہے ہیں اورآپ کی اس تبدیلی کے ثمرات فوری طور پر پورے پاکستان کے عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ بسوں میں کم سے کم کرایہ 10 روپے سے بڑھا کر15 روپے جبکہ منی بس اورکوچوں کا کرایہ بھی 5 روپے سے 15 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

عوام کی روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں از خود اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے،ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ان سے متعلقہ ادارے نہیں کر رہے نا ابھی تک صوبائی یا وفاقی سطح سے کوئی نو ٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔کے الیکٹرک نے تو ویسے ہی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے، کہیں پر بھی حکومتی رٹ نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بچکانہ اقدامات اور ناقابل فہم پالیسیاں وفاق کی یکجہتی کے لئے نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں