نجی اسکولوں کے حوالے سے چیف جسٹس کے اصلاحاتی احکامات کا خیر مقدم کرتے ہیں،خرم شیر زمان

سندھ حکومت کو چاہئے کہ عدالت کے احکاما ت پر پرائیویٹ اسکول مافیا سے سختی سے عمل درآمد کروائے، صدر تحریک انصاف کراچی

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے نجی اسکولوں میں اصلاحات کے جو احکامات دئیے ہیں، ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نجی اسکول اگر اپنے اندر خود اصلاحات لے آتے تو عدالت کو انہیں پابند کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادارے اپنا کام خود کرنے لگیں تو عدلیہ یا سیاسی رہنمائوں کو کسی مداخلت کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ بنیادی فیس میں بیس فیصد کمی، گرمیوں کی فیس آدھی کرنا اور ریگولیٹری اتھارٹی کی مشاورت سے ہی فیس بڑھانا کوئی ایسے فیصلے نہیں ہیں جن کی وجہ سے پرائیویٹ اسکولز کسی مصیبت کا شکار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول مافیا اب بھی اسکول بند کرکے یا بچوں کو نکال کر عوام کا پیسہ ہضم کرنے کی طرف راغب ہوگا لیکن اس پر عدالت کی پابندی سے طلبہ کے والدین سکھ کا سانس لے سکیں گے۔

سندھ حکومت کو چاہئے کہ عدالت کے احکاما ت پر پرائیویٹ اسکول مافیا سے سختی سے عمل درآمد کروائے۔ پرائیویٹ اسکولوں کے تعلیمی نظام کو بھی بے شمار اصلاحات کی ضرورت ہے۔ بچوں کے بھاری بیگز، ٹیچرز کی شرمناک حد تک کم تنخواہیں، مڈل کلاسز کو میٹرک اور کم درجے کی کلاسز میں اعلیٰ درجے کے نصاب کا پڑھایا جانا بھی ایسے مسائل ہیں جن کا انسداد ضروری ہے۔ اگر پرائیویٹ اسکولز مافیا نے ازخود اس کی اصلاح نہ کی تو ایک بار پھر عدلیہ اور اہل سیاست کی مداخلت کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ طلبہ ہماری قوم کا مستقبل ہیں ۔ ان کے مسائل کا حل تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں