افسران و ملازمین کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ادارہ کی ترجیحات میں شامل ہے، سمیع الدین صدیقی

ادارہ کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لئے ہم سب کا کردار اہم ہے، صرف بلند بانگ دعوئوں سے کام نہیں چلے گا، بڑے کاموں کے لئے ہر شعبے کے ستون میں شیر قالین نہیں، شیر کا جگرا چاہئے، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:58

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ افسران و ملازمین کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ادارہ کی ترجیحات میں شامل ہے، ادارہ کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لئے ہم سب کا کردار اہم ہے، صرف بلند بانگ دعوئوں سے کام نہیں چلے گا، بڑے کاموں کے لئے ہر شعبے کے ستون میں شیر قالین نہیں، شیر کا جگرا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے گزشتہ روز کے ڈی اے کیمپ آفس میں (آرمز فار پیس) انٹرنیشنل ایکسپو آئیڈیاز 2018ء کے دوران بہترین کارکردگی پیش کرنے والے افسران و ملازمین کو شیلڈ و سووینئر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ ایکسپو آئیڈیاز 2018ء کے موقع پر کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سوک سینٹر میں ایمرجنسی سینٹر قائم کیا تھا جہاں جدید آلات اور ضروری مشینری کا انتظام ہنگامی بنیادوں پر کیا گیااور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ رونماہونے کی صورت میں سرجن، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد کے ڈی اے کے متعلقہ شعبہ جات کے افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، فی الحال کسی متعلقہ حکام کو تبدیل نہیں کیا جارہا ، تین ماہ بعد کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد جہاں ضرورت پیش آئے گی وہاں اصلاح کی جائے گی۔ کرپشن کی کوئی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی انجن ہے، زمین سماجی اثاثہ ہے یہاں لینڈ مینجمنٹ کے لئے طاقتور پلاننگ ادارے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں اختیارات کا بے دریغ استعمال کیا گیا اگر ادارہ اپنا کام بخوبی انجام دیتا تو آج بڑے انسداد تجاوزات آپریشن کی ضرورت نہیں پڑتی، انسداد تجاوزات مہم کے ساتھ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

آخر میں ڈی جی کے ڈی اے نے میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار کی جانب سے منعقدہ تقریب کے انتظامی امور کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکرم ستار بحیثیت ترجمان کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہریوں میں ادارے کی مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کررہے ہیں جو کہ قابل ستائش عمل ہے۔ بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے چیف میڈیکل آفیسر سلمیٰ کوثر، چیف انجینئر رام چند، ڈائریکٹر فنانس عطاء عباس، میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار سمیت ڈاکٹرزو ملازمین میں بہترین کارکردگی کے عوض شیلڈز و سووینئر تقسیم کئے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں