کراچی ایئر پورٹ پر کسٹم حکام کی کارروائی،

غیر ملکی شہری سے تین کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:07

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) کراچی ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہری سے 3 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔کراچی ایئر پورٹ پر غیر ملکی پرواز سے پاکستان پہنچے والی کینیا کے شہری سے ڈیڑھ کلو کوکین برآمد ہوئی۔ غیر ملکی شہری امارات ائر لائن کی پرواز ای کے 606کے ذریعے کینیا سے براستہ دبئی گزشتہ شب کراچی پہنچا تھا۔

ملزم سے برآمد ہونے والی کوکین کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تین کروڑ روپے ہے۔پاکستان کسٹم پریونٹو کے ڈپٹی کلکٹرواصف کے مطابق ملزم جیفری مائیکل کینیا سے کراچی پہنچا تھا۔ ایئر پورٹ سے باہر آتے ہوئے شک کی بنیاد پر اسے روکا اور دوبارہ اسکیننگ مشین سے گزارا گیا تو ملزم کے بیگ میں منشیات کی نشاندہی ہوئی۔

(جاری ہے)

ملزم نے اپنے کپڑوں کے بیگ کے نچلے حصے میں کوکین کو چھپایا ہوا تھا اور اوپر سے کپڑا سلائی کر دیا گیا تھا۔

کسٹم حکام نے ملزم کے بیگ میں بنائے گئے خفیہ خانے کو پھاڑ کر ڈیڑھ کلو کوکین برآمد کر لی۔کسٹم حکام کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ یہ رواں ہفتہ میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوکین کا تیسرا کیس ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان میں کوکین استعمال کرنے والے لوگوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسکی طلب بڑھ رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں