کراچی، واٹربورڈ نے شہر کی4 سروس اسٹیشنز پر چھاپہ مار کر2 سے 4 انچ قطر کے 8 غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے شہر کی4 سروس اسٹیشنز پر چھاپہ مار کر2 سے 4 انچ قطر کے 8 غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے،سروس اسٹیشنز پرگھریلو کنکشنز کے ذریعے زیر زمین پانی کے نام پر پینے کا پانی بڑ ی مقدار میں غیرقانونی طورپر تجارتی مقاصدکیلئے استعمال کیا جارہا تھا،واٹربورڈ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کررہا ہے ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم متعدد سروس اسٹیشنز پر گاڑیوں،بسوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکل کی دھلائی کیلئے سرکاری لائن سے لئے گئے کنکشنز کے ذریعے پینے کے پانی کے استعمال کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چند دن قبل سروس اسٹیشنز کے مالکان و انتظامیہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ ازخود واٹربورڈ کی لائنوں سے لئے گئے غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،انہوںنے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے باعث گاڑیوں ،بسوں موٹر سائیکلوں کی دھلائی کیلئے پینے کے میٹھے پانی کے استعمال کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی ،ایساکرنے والوں کیخلاف واٹربورڈ سخت قانونی کارروائی کرے گا،انتباہ کے بعد ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر فوکل پرسن ایم ڈی سیکریٹریٹ راشدصدیقی نے اپنے عملے کے ساتھ شہر بھر میں پینے کے پانی سے سروس اسٹیشنز چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے ،آپریشن کے پہلے ہی روز نیوایم اے جناح روڈ، کشمیر روڈ کے نزدیک اور مزار قائد کے قریب قائم 4پیٹرول پمپس میں قائم سروس اسٹیشنز پر چھاپہ مارا،اس دوران زیر زمین پانی کی آڑ میں واٹربورڈ کی لائنوں سے لیئے گئی4,3اور 2انچ قطر کے 8 غیرقانونی کنکشنز برآمد ہوئے جنہیں منقطع کردیا گیا ہے جبکہ واٹربورڈ سروس اسٹیشنز کے مالکان وانتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کررہا ہے ،دریں اثناء ترجمان واٹربورڈ نے پینے کے پانی سے سروس اسٹیشنز چلانے والوں کوان کے اپنے مفاد میں متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پانی کے غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف کسی وقت بھی کارروائی کی ہوسکتی ہے جبکہ واٹربورڈکی جانب سے مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں