کراچی: خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ملزم گرفتار

اتوار 16 دسمبر 2018 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں شہری نے خاتون کو ہراساں کیا جو اسے مہنگا پڑ گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اتحاد کمرشل میں خاتون شاہراہ سے پیدل گزر رہی تھیں تو اسی دوران کار سوار ان کے پاس آیا اور اپنی گاڑی میں بیٹھنے کی پیش کش کرتے ہوئے مبینہ طور پر ہراساں کیا۔

خاتون نے اپنے بیگ سے موبائل نکالا اور گاڑی کی ویڈیو بنائی ساتھ ہی گاڑی نمبر کو بھی واضح کیا تاکہ ملزم کی شناخت ہوسکے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی اور صارفین سے تمام واقعے سے آگاہ کیا اور گاڑی کا نمبر لکھ کر مدد طلب کی۔خاتون اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد درخشاں تھانے گئیں اور انہوں نے رپورٹ درج کرائی، کلفٹن نے 6 گھنٹے کے اندر مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سائوتھ سے رپورٹ طلب کی اور فوری ایکشن کے احکامات دیئے۔اے ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت نبیل موسی کے نام سے ہوئی جس سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ سوہائے عزیز نے کہاکہ خاتون نے ہراساں کرنے والے شخص کی ویڈیوبنائی اورپولیس کودی۔پولیس آفیسر نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق خاتون کو آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مسرت کا اظہار کیا اور ملزم کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں