قانون کی بالادستی پر فرد پر واجب ہے ،چیف سیکریٹری سندھ

عوام کو انصاف دلوانے میں وکلاء کا اہم کردار ہے ۔اٹارنی جنرل پاکستان سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں قانون سازی کی جارہی ہے ،سیکریٹری لاء کمیشن لاء

اتوار 16 دسمبر 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) جسٹس ہیلپ لائن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں فرسٹ لاء اسٹوڈنٹس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔کانفرنس کا آغاز چیف سیکریٹری سندھ سیدممتاز علی شاہ نے فیتہ کاٹ کرکیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہر فرد پر واجب ہے ۔قانون کے طلباء طالبات کی آگاہی اور مستحق افراد کو قانونی مدد کی فراہمی کے لیے اقدامات کے تناظر میں یہ کانفرنس ایک اہم سنگ میل کے مترادف ہے ۔

کانفرنس کے انعقاد سے قانون کے شعبے کی مستحکم خدمات منظر عام پر آئینگی ،انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ بحیثیت چیف سیکریٹری ہی نہیں بلکہ ذاتی طور پر بھی تعاون کے لیے تیار ہیں ۔اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان نے کہا کہ عوام کو انصاف دلوانے میں وکلاء کا اہم کردار ہے ہماری اولین ترجیح معاشرے کے محروم اور پسے ہوئے طبقے کو جلد ازجلد انصاف کی فراہمی ہونا چاہیے عدالتی فیصلوں کی تعمیل سے عوام کا عدالتوں اور وکلاء پر اعتماد بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے لاء اسٹوڈنٹس سے حلف بھی لیا ۔وفاقی سیکریٹری لاء کمیشن ڈاکٹر رحیم اعوان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر وکلاء کی بہبود کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ جن جونیئر وکلاء کے پاس کیسز نہیں ہیں یا انکے کیسز چل نہیں رہے ہیں اس فنڈز سے انکی معاونت کی جاسکے ۔،اسی طرح فری لیگل ایڈر اتھارٹی اور لیگل ریسرچ سے بھی وکلاء کی مدد کی جائے گی ۔

انہوں نے لاء کمیشن کی وجہ سے اسکولوں کو فیسیں کم کرنے پر مجبور کیا گیا ہے ۔انہوں نے جسٹس ہیلپ لائن کے ندیم شیخ ایڈوکیٹ ،آتم پرکاش ایڈوکیٹ ،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ کو لاء کمیشن کی جانب سے شیڈ ز پیش کیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق کمشنر کراچی موجودہ وفاقی سیکریٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ کام کرنے والے افراد اداروں کی معاونت کی ہے جسٹس ہیلپ لائن کی بدولت آج ملک ہی میں نہیں بلکہ بیرون ملک بھی اسکالر شپ پر طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں لاء اسٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے ۔

اس موقع پر تقریب کی صدارت کرتے ہوئے جسٹس ریٹائر قاضی خالد علی نے کہا کہ حکومت سندھ کی معاونت اور شعیب احمد صدیقی صاحب کے تعاون سے شہید ذوالفقارعلی بھٹو لاء یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن منعقد کیا جارہا ہے اس موقع پر صوبائی وزیر سردار محمد بخش منہر ،ریٹائر جسٹس قمرالدین بوہرا ،سیکریٹری قانون شارق احمد ،سابق جسٹس شہاب سرکی ،پروفیسر جی این قریشی ،پروفیسر کالا نوری ،ندیم شیخ ایڈوکیٹ ،آتم پرکاش ،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے خطاب کیا اور طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔اس موقع پر جسٹس ہیلپ لائن کا ترانہ جسٹس فار آل بھی پیش کیا گیا اور مہمانوں کو اجرک سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں