آرٹس کونسل الیکشن ،ملک کی نامور شخصیات کی جانب سے عمیر علی انجم کی حمایت کا سلسلہ جاری

معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے بعد نامور مصنف انور مقصود نے بھی عمیر علی انجم کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا عمیر علی انجم کی شاعری نے ایک عالم کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے ،ان جیسے نوجوانوں کا آرٹس کونسل کے الیکشن میں حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے،انور مقصود

منگل 18 دسمبر 2018 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) ملک کی نامور شخصیات کی جانب سے آرٹس کونسل کراچی کے الیکشن کے لیے گورننگ باڈی کے امیدوار معروف شاعر اور صحافی عمیر علی انجم کی حمایت کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے بعد نامور مصنف انور مقصود نے بھی عمیر علی انجم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔انور مقصود نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان شہر قائد کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں ایسے لوگوں کا منتخب ہونا انتہائی ضروری ہے کہ جنہوں نے ادب و ثقافت کی دنیا میں اپنی الگ پہنچان بنائی ہے ۔انہوںنے کہا کہ عمیر علی انجم نوجوان لکھاری اور صحافی ہیں ، ان کی شاعری نے ایک عالم کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے ۔ان جیسے نوجوانوں کا آرٹس کونسل کے الیکشن میں حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے ۔نوجوانوں کی قیادت میں آرٹس کونسل ترقی کے مزید مدارج طے کرے گا ۔انور مقصود نے گورننگ باڈی کی نشست کے لیے عمیر علی انجم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعاون اور رہنمائی عمیر علی انجم کے ساتھ ہے اور مجھے خوشی ہوگی کہ میرے دیگر رفقاء بھی ان انتخابات میں عمیر علی انجم کو ووٹ دے کر انہیں کامیاب بنائیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں