شہرقائد میں رواں سال پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی تعداد میں 74 فیصد کمی

رواں سال کے آغاز میں تین جعلی پولیس مقابلوں،ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی معطلی اور گرفتاری کے بعد ہاف فرائی اور فل فرائی کا سلسلہ رک گیا

منگل 18 دسمبر 2018 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) شہرقائد میں رواں سال پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی تعداد میں 74 فیصد کمی ہوئی ہے،رواں سال کے آغاز میں تین جعلی پولیس مقابلوں،ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی معطلی اور گرفتاری کے بعد ہاف فرائی اور فل فرائی کا سلسلہ رک گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جنوری 2018 میں ہونے والے تین مشکوک پولیس مقابلے نقیب،انتظاراور مقصود کے قتل کے بعد پولیس کے سسٹم کی جیسے کایا ہی پلٹ گئی،ابتدائی 345 دنوں میں 432 پولیس مقابلے اور502 جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ ہوا،جب کہ61 ملزمان مارے گئے۔

سال 2017کے اسی عرصے کا جائزہ لیں تو 450 پولیس مقابلوں میں395 جرائم پیشہ گروہوں کو ختم اور 243 ملزمان کو ہلاک کیا گیا۔دونوں سالوں کا موازنہ کیا جائے تو سال دو ہزار اٹھارہ میں پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی تعداد میں74 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔مگرملزمان کی گرفتاریوں میں اضافہ ضرور ہوا سال 2017 میں 31623 ملزمان پکڑے گئے تو 2018 میں ملزمان کی گرفتاریوں کی تعداد چار ہزار اضافے کے بعد35548 ہوگئی۔اعداد و شمار سے ظاہر ہے کہ پولیس کے ہاف فرائی اور فل فرائی کا باب اب بند ہوتا نظر آرہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں