آرٹس کونسل کا الیکشن توجہ کا مرکز بن گیا ،حکومتی اور اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے عمیر علی انجم کی حمایت کردی

بدھ 19 دسمبر 2018 17:24

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن اکھاڑے میں سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی اپنی دلچسپی کا اظہار کردیا ،حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف ،پاکستا ن پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کے اہم رہنماؤں نے آرٹس کونسل کے الیکشن میں معروف شاعراور صحافی عمیر علی انجم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

اس ضمن میں سابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ شہر قائد کی ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے عمیر علی انجم جیسے نوجوان شاعر کا آرٹس کونسل کے الیکشن میں حصہ لینا مثبت قدم ہے ۔ان کی کامیابی سے کراچی کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو ایک نئی جلا ملے گی ۔سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے عمیر علی انجم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور اس کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے وہاں کے اہل قلم کو ان کا مقام ملنا انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کراچی میں جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن کا انعقا د کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے ۔انہوںنے کہا کہ عمیر علی انجم نہ صرف اچھے شاعر ہیں بلکہ ایک صحافی کے طور پر انہوںنے معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل پر اپنے قلم کو جس طرح ہتھیار بنایا ہے وہ انہی کا خاصہ ہے ۔عمیر علی انجم کی آرٹس کونسل کے الیکشن میں کامیابی اس ادارے اور شہر کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے آکسیجن کا کام دے گی ۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کہا کہ کراچی کی ثقافت ،اس کی ادبی و سماجی زندگی نے ہر دور میں دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا ہے ۔کراچی سانس لیتا ہے تو پورا پاکستان سانس لیتا ہے ۔یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ شہرقائد میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آرٹس کونسل جیسے ادارے موجود ہیں ۔

آرٹس کونسل جیسے اداروںکی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ ایسے افراد کو منتخب کیا جائے جنہوںنے اپنی تحریروں کے ذریعہ سماج کی بہتری کے لیے کوئی کام کیا ہو۔انہوںنے کہا کہ عمیر علی انجم ایک طویل عرصے سے شہر کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا حصہ ہیں اور نہ صر ف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انہوںنے اپنی شاعری کے ذریعہ لوگوں کو متاثر کیا ہے ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ عمیر علی انجم کو میں ایک طویل عرصے سے جانتی ہوں ۔صداقت کے ساتھ اپنے پیغام کو آگے پہنچانا عمیر علی انجم کا وصف ہے ۔انہوںنے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام اداروں کو نوجوانوں کو آگے لایا جائے جو جوش اور ولولے کے ساتھ ان اداروں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ کراچی کی رونقیں ایک مرتبہ پھر بحال ہورہی ہیں ۔

اہل قلم اس شہر کا اصل سرمایہ ہیں ۔عمیر علی انجم کا آرٹس کونسل کے الیکشن میں حصہ لینا تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔ان جیسے متحرک نوجوانوں کا انتخابی عمل کا حصہ بننا لینا ا س بات کا ثبوت ہے کہ آج کا نوجوان ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ان تمام رہنماؤں نے آرٹس کونسل کے ممبران سے اپیل کی کہ وہ الیکشن سال برائے 2019-20میں گورننگ باڈ ی کے امیدوار عمیر علی انجم کو ووٹ دے کر ان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں