کراچی ،مبینہ زہریلا کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت

ڈیفنس میں واقع ریسٹورنٹ کے 2 ملازم گرفتار

بدھ 19 دسمبر 2018 20:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2018ء) مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے گذشتہ ماہ 2 بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور ڈیفنس میں واقع ریسٹورنٹ کے 2 ملازمین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قتل بالسبب اور شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔گرفتار ملازمین میں عامر اختر اور عرفان علیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں بچے رواں برس 10 نومبر کی رات اپنی والدہ کے ہمراہ پہلے ایک پلے لینڈ گئے جہاں انہوں نے ٹافیاں، آئس کریم اور چپس کھائے اور اس کے بعد انہوں نے ڈیفنس میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے رات 11 بجے کے قریب ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا، جس کے بعد اگلے دن صبح 5 سے 6 بجے کے درمیان دونوں بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں الٹیاں ہوئیں۔

(جاری ہے)

متاثرین کو اتوار (11 نومبر) کی دوپہر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں بچے دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ ان کی والدہ کافی دن وہاں زیرعلاج رہیں۔تجزیاتی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ میں واقع دکان کی کھانے کی اشیائ مضرِصحت تھیں، جنہیں کھانے سے بچوں کو فوڈ پوائزنگ ہوئی، ان کی حالت خراب ہوئی اور وہ دم توڑ گئے۔انتقال کر جانے والے بچوں کی شناخت ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد کے نام سے ہوئی تھی

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں