مسلم لیگ (ن) سندھ کا جیل میں میاں نواز شریف کی طبیعت کی خرابی اور علاج معالجے کی سہولیات نہ ملنے پر تشویش کا اظہار

ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے رہنما کے ساتھ اس قسم کا سلوک کروڑوں پاکستانیوں کی توہین کے مترادف ہے، سید شاہ محمد شاہ

ہفتہ 12 جنوری 2019 19:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے جیل میں میاں نواز شریف کی طبیعت کی خرابی اور علاج معالجے کی سہولیات نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے رہنما کے ساتھ اس قسم کا سلوک کروڑوں پاکستانیوں کی توہین کے مترادف ہے ۔ خدانخواستہ میاں نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان اورن کی کابینہ پر ہوگی ۔

تحریک انصاف روزانہ کی بنیادوں پر مسلم لیگ (ن) کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے ۔ہفتہ کوپاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرسید شاہ محمدشاہ کی سربراہی میں وفد نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیااور کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

وفد میں رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی،سید منورضا،خواجہ طارق نذیر،علی اکبرگجر، ناصرالدین محمود،ملک تاج، خالد شیخ ، فیروزخان اور نثار شاہ سمیت ملکی رہنمائوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

سید شاہ محمدشاہ نے کہا کہ آزادی صحافت اور ملک جمہوریت کی بحالی کے لیے صحافیوں کی خدمات کسی ڈھکی چھپی نہیں ۔کراچی پریس کلب ہمیشہ جمہوریت کا محافظ بن کر سامنے آیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں صحافیوں کے حقوق کے لیے بھرپور اقدامات کیے ۔تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد جہاں ملک کے دیگر شعبوں سے لوگوں کو بے روزگار کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے وہیں سیکڑوں صحافیوں کو بھی نوکریوں سے برطرف کردیا گیا ہے ۔

مسلم لیگ (ن) صحافی برادری کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے ۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ میاں نواز شریف تین بار اس ملک کے وزیراعظم رہے، ہر دور حکومت میں ملک و قوم کی خدمت کی ، پاکستان کوایٹمی قوت بنایا، قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا، ایسے انسان کے ساتھ جیل میں حکومت کی جانب سے ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے ۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے سے وہ اپوزیشن کی جماعتیں اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ جائیں گی تو یہ ان کی بھول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف روزانہ کی بنیادوں پر مسلم لیگ ن کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے، ان کو ملک و قوم سے کوئی سروکار نہیں بلکہ ان کا مقصد سیاسی مخالفین سے بدلہ لینا ہے ، احتساب کا نعرہ لگانے والے عمران خان اب اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کی جائیدادوں کے بارے میں بھی قوم کو تفصیلات سے آگاہ کریں اور بتائیں کہ یہ جائیدادیں کونسے پیسے سے بنیں، قوم کو جھوٹ اور فریب میں رکھ کر اب تحریک انصا ف زیادہ دن حکومت نہیں کر سکتی،تحریک انصاف کی حکومت اب صرف چند دنوںکی مہمان ہے۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف والوں نے تو میاں نوازشریف سے عام شہر ی والے حقوق بھی چھین لیے ہیں۔ نواز شریف کے لیے طبی سہولیات کی برو قت دستیابی بہت ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں سمیت کروڑوں پاکستانی میاں نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا گوہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں