سندھ اسپورٹس بورڈ ملاکھڑا چمپئن شپ‘ پہلوان مختیار عالمانی نے فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی

بدھ 16 جنوری 2019 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) مشیر برائے کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت اور سیکریٹری اسپورٹس ہارون احمد خان کے بھرپور تعاون سے ملاکھڑا چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا سندھ کے اس روائتی کھیل کا میدان ضلع ملیر میں سجایا گیا‘ مقابلے میں30سے زائد پہلوانوں نے شرکت کی فائنل مقابلہ مختیار عالمانی اور شیر علی جوگی کے درمیان کھیلا گیا جسے ایک سخت مقابلے کے بعد مختیار عالمانی نے جیت کر فاتح ٹرافی پر قبضہ جمالیا دوسری پوزیشن کے مقابلے میں عبدالجبار خاصخیلی نے عبدالرزاق کو زیر کیا جبکہج تیسری پوزیشن کا مقابلہ گلاب بلوچ نے بہار مری کو چت کرکے جیت لیا‘ مہمان خصوصی وڈیرہ نور خان برفت نے کھلاڑیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے کھلاڑیوں کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا ہے اور خوشی بھی ہے کہ سندھ کا روائتی کھیل ملاکھڑا تیزی سے مقبولیت حاصل کررہا ہے‘ آرگنائزنگ سیکریٹری پہلوان بہرام خاصخیلی نے سیکریٹری اسپورٹس ہارون احمد خان کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا‘ بعد ازاں مہمان خصوصی وڈیرہ نور خان برفت نے بہرام خاصخیلی اور گدا حسین جتوئی کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیز‘شیلڈ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں