محکمہ انسداد تجاوزات کا کلفٹن بلاک5- نہر خیام کے پشتے پر تعمیر شدہ عمارت کو مسمار کرنے کے لئے آپریشن جاری

بدھ 16 جنوری 2019 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) سپریم کورٹ کے احکامات پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کی نگرانی میں کلفٹن بلاک5- نہر خیام کے پشتے پر تقریباً ڈھائی ایکڑ پر تعمیر کی جانے والی عمارت کو مسمار کرنے کے لئے منگل کو شروع کیا جانے والا آپریشن بدھ کے روز بھی جاری رہا جس کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے عمارت کی پلنتھ اور پلر کو مسمار کرنے کی کارروائی جاری ہے جبکہ بدھ کو ناصر جمپ کورنگی تا چمڑا چورنگی میں بھی غیرقانونی طور پر قائم کی گئی دکانیں ، کیبن، چبوترے اور پتھارے مسمار کردیئے گئے ، آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر لینڈ ڈسٹرکٹ کورنگی مسرت علی خان نے کی اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر رینجرز، پولیس اور سٹی وارڈنز کی نفری بھی موجود تھی، علاوہ ازیں لیاقت آباد، بفرزون اور نارتھ ناظم آبادمیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم کئے گئے دسترخوان کو ہٹانے کے لئے مختلف فلاحی اداروں کو نوٹس جاری کئے گئے ، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ادارے یہاں سے اپنا سامان ہٹا لیں بصورت دیگر کارروائی کرکے سامان کو ضبط کرلیا جائے گا، انسداد تجاوزات کے عملے نے علاقے میں لائوڈ اسپیکر کے ذریعے بھی اعلان کرکے ان اداروں کو آگاہ کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں