کراچی،تحریک انصاف رہنما عمران قریشی کاحیدرآباد میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر افسوس کااظہار

بدھ 16 جنوری 2019 23:31

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژنل کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کے آغاز کے ساتھ ہی آتشزدگی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔

اُدھر بلدیاتی اداروں کی ریسکیو سروس کا یہ حال ہے کہ گھنٹوں گھنٹوں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر نہیں پہنچتی ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کرتے ہیں ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچنے اور ریسکیو کے مکمل سامان نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگ بجھانے کے آلات اور فائربریگیڈ کی جدید گاڑیاں ہمہ وقت تیار رکھیں لیکن اداروں کی کرپشن نے عام شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

حیدرآبادکے گنجان آباد علاقوں میں فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی نہیں پہنچ پاتیں اور فائر بریگیڈ کے عملے کے پاس متبادل کے طورپر ایسا کوئی طریقہ کار بھی موجود نہیں کہ آگ پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی یہ صورتحال ہے کہ باقی دیگر شہروں اور علاقوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ٹنڈوآغا میں پلاسٹک فیکٹری اور سائٹ ایریا میں رائس فیکٹری میں لگنے والی آگ کو بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پاس پانی تک دستیاب نہیں تھا ۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی کوئی آتشزدگی یا قدرتی آفات کے واقعات ہوتے ہیں تو فائر بریگیڈ کا عملہ اُن سے نمٹنے کیلئے قاصر نظر آتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں