وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کا ایجنڈا سیاسی ہے ، عوامی ہرگز نہیں ، انجینئر اقبال ہاشمی

ڈاکٹر عافیہ کی واپسی ،روپے کی قدر میں اضافہ ،مہنگائی اور بے روزگاری کی روک تھام کے اہم نکات کیوںشامل نہیں ، چیف آرگنائزرپاسبان

جمعرات 17 جنوری 2019 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر انجینئر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کا ایجنڈا سیاسی ہے عوامی ہرگز نہیں ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نے موجودہ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح محض اجلاسوں ،اشتہاروں ،میڈیا کوریج اور خوشنما بیان بازی کے لئے اجلاس نہیں بلائے جائیں بلکہ ان اجلاسوں کو ٹھوس منصوبہ بندی ،ابتدائی ہوم ورک ،وزراء کی کارکردگی کی جانچ پڑتال ، جائزے و احتساب اور بہترین زرلٹ کا ذریعہ بنایا جائے ۔

17نکاتی ایجنڈے پر اجلاس ہو الیکن اس میں عوامی مفاد کے لئے ایک بھی نکتہ شامل نہیں ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں جمعرات کے روز ہونے والے وفاقی کابینہ کے 17نکاتی ایجنڈے پر مبنی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے زیر صدارت اجلاس پر ردعمل کا اظہاار کرتے ہوئے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے انجینئر اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ اجلاس میں کس کا نام ای سی ایل میں ڈالیں اور کس کا نکالیں ، صدر کی تنخواہ اور گرانٹ میں اضافہ ،چیئرمین پی ٹی اے کے تقرر کی منظوری ،دسمبر اور جنوری میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق ،کس ڈیم کاٹھیکہ کس کو دیا جائے ،سیمنٹ کی ڈیمانڈ اور سپلائی جیسے نکات شامل تھے لیکن ملک کے عوام کے اہم ترین مسائل پر کوئی نکتہ شامل نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انجینئر اقبال ہاشمی نے سوال کیا کہ عمران خان حکومت نے عافیہ کی وطن واپسی کے وعدے پر ووٹ لئے تو اس نکتے کو اجلاس میں کیوں شامل نہیں کیا گیا ڈالر کی قدر میں اضافہ روکنے اور روپے کی قدر کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی پر غور کا نکتہ کیوں شامل نہیں کیا گیا مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کی بڑی تعداد میں بے روزگاری کی روک تھام کا نکتہ کیوں شامل نہیں کیا گیا وزیر اعظم ہائوس اور گورنر ہائوسوں کو وعدے کے مطابق یونیورسٹی بنانے کا نکتہ کیوں شامل نہیں کیا گیا آئی ایم ایف سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑانے اور عوام کو عزت کے ساتھ اپنی دہلیز پر دووقت کی روٹی اور انصاف فراہم کرنے کا نکتہ کیوں شامل نہیں کیا گیا کیاعوام کو بتائے جانے والے کابینہ کے اہم اجلاس صرف وزراء کے رونے دھونے اور ذاتی کاموں کے لئے منعقد کئے جاتے ہیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں