آرٹس کونسل نے کراچی اور سندھ کے طلباء کو موقع فراہم کیا کہ وہ ہنر سیکھ سکیں اور حقیقی زندگی میں اس ہنر کا استعمال کر سکیں، مرتضی وہاب

آرٹس کونسل کراچی پاکستان اور سندھ کے مثبت امیج، صوفی ازم اور تہذیب کو پروان چڑھانے میں اہم ادارے کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، مشیراطلاعات سندھ

جمعہ 18 جنوری 2019 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور بالخصوص صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کراچی اور سندھ کے طلباء کو موقع فراہم کیا کہ وہ ہنر سیکھ سکیں اور حقیقی زندگی میں اس ہنر کا استعمال کر سکیں وہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آرٹس کونسل انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس سے فارغ ہونے والی طلباء کے مقالہ جات نمائش سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مرتضی وہاب نے آرٹس کونسل سے فارغ ہونے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت سندھ اور وہ ذاتی طور پر فارغ ہونے والے طلباء سے تعاون کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی پاکستان اور سندھ کے مثبت امیج، صوفی ازم اور تہذیب کو پروان چڑھانے میں اہم ادارے کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

اور بین الاقوامی دنیا میں پاکستان میں مثبت شناخت قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے منظر اکبر حال میں جاری مقالہ جات نمائش کا دورہ بھی کیا اور طلباء و طالبات کی تیار کردہ پینٹنگز، ڈیزائنز اور ڈیجیٹل پینٹنگزکا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے مرتضی وہاب کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری تین روزہ مقالہ جات نمائش اتوار تک جاری رہے گی جس میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے ڈگری حاصل کرنے والے دس طلباء کے تیار کردہ پینٹنگز ، گرافکس اور ٹیکسٹائل ڈیزائنز کے نمونے پیش کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں