شہرقائد میں فائرنگ اور پرتشددواقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ اہل سنت والجماعت کے دوکارکنوں سمیت 4افراد زخمی ہوگئے

جمعہ 18 جنوری 2019 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) شہرقائد میں فائرنگ اور پرتشددواقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ اہل سنت والجماعت کے دوکارکنوں سمیت 4افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹائون میں ایک گھر میں فائرنگ کے واقعے میں دو بھائیوں سمیت 3افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اورنگی ٹائون نمبر 14 میں پیش آیا جس میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹائون پاکستان بازار میں پہاڑی پر واقع گھر میں فائرنگ سے مرنے والوں میں دو بھائی امتیاز اور عدنان کے علاوہ ان کا ایک دوست ندیم شامل ہیں۔ امتیاز اور عدنان کے بھائی اشتیاق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدنان چھوٹا بھائی تھا جس کی 6 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولین نے اورنگی ٹائون نمبر 14 میں پہاڑی پر ایک کمرہ بنا رکھا تھا جسے وہ استعمال کرتے تھے، ابتدائی معلومات کے مطابق ان کا آپس میں جھگڑا ہوا اور نوبت فائرنگ تک جا پہنچی۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رہائشی علاقے میں ایک بیٹھک پر پیش آیا جو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شراب کی خالی بوتلیں اور ڈسپوزل گلاس برآمد کر لیے۔

انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں، کمرے کے اندر جھگڑے کے دوران گولیاں چلیں۔۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہو گئے۔ترجمان اہل سنت والجماعت کے مطابق زخمیوں کا تعلق اہل سنت والجماعت سے ہے ۔زخمیوں کی شناخت مومن خان اور عبدالواحد کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔قائدآباد پل کے نیچے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دو بھائیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیاگیا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں