پی ایس 94میں پی ٹی آئی نامزد امیدوار اشرف قریشی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان اور اشرف قریشی کی یوسی 17 میں علاقہ معززین سے ملاقاتیں

جمعہ 18 جنوری 2019 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) حلقہ پی ایس 94 میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار و جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی اشرف قریشی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان اورنامزد امیدوار اشرف قریشی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں یوسی 17 کے علاقہ معززین سے ملاقاتیں کیں اور تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچایا۔

اس موقعے پر علاقہ مکینوں اور عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب تحریک انصاف پی ایس 94 سے بھی الیکشن جیتے گی۔ حکمرانوں نے سابقہ ادوار میں اس علاقے کو بری طرح نظرانداز کیا۔ تحریک انصاف لانڈھی کی محرومیوں کا ازالہ چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے انصاف ہیلتھ کارڈ، پناہ گاہ جیسی سہولیات دے کر عوام کی زندگی آسان بنائی ہے۔

خیبر پختونخواہ کے بعد تحریک انصاف نے وفاق پر فتح پائی اور اب کراچی کا یہ حلقہ بھی پی ٹی آئی کے نام ہوگا۔ سینئر پی ٹی آئی رہنما اشرف قریشی کا کہنا تھا کہ عوام کی محبتیں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور تحریک انصاف کے رہنما عوام کے ہر دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ایس 94کے جتنے بھی مسائل ہیں ان کے سدباب کے لیے کام کریں گے۔ عوام کی مشکلات آسان کرنے کے لیے ہی تحریک انصاف اقتدار میں آئی ۔

عوام اتوار کو الیکشن کے دن گھروں سے نکلیں اور حلقہ پی ایس 94کا الیکشن جتوا کر تحریک انصاف کے ہاتھ مضبوط کریں۔ تحریک انصاف زبانی دعووں اور جمع خرچ پر یقین نہیں رکھتی۔ پی ٹی آئی رہنما اپنے اپنے حلقوں میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بڑھ کر کام کرر ہے ہیں۔ عوام ہمارا ساتھ دیں، جیت تحریک انصاف کی ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں