پیپلزیوتھ آرگنائزیشن نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

قوم کو مشکلات سے نکالنے کے وفاقی حکومت کو گھر بھیجنا بہت ضروری ہو گیا ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 19 جنوری 2019 17:37

پیپلزیوتھ آرگنائزیشن نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2019ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمورعلی مہرنے کہا کہ ملک وقوم کو مشکلات سے نکالنے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیجنا بہت ضروری ہو گیا ہے ، پاکستان کی عوام کی زندگی میں پہلے مسائل کیا کم تھے جو ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد اضافہ کر کے ایک اور بم عوام کے سروں پر گرا دیا گیا ہے ، پیپلز پارٹی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے پی واے او کراچی آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کیا،تیمور علی مہر کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کا اس ملک میں گزر بسر دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے غریب عوام علاج سے محروم ہو جائے گی، ادویات کی قیمتوں میں اضافے جہاں غریب لوگوں میں بے چینی کی لہر دوڑی ہے وہاں صاحب حیثیت لوگوں میں بھی تشویش کی لہر نے جنم لیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں پہلے ہی عام انسان کی دسترس سے با ہر تھیں اور اس میں بھی مزید اضافہ غریبوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے تحریک انصاف نے تو عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، انہوں نے کہاکہ بحرانوں کے ستائے ہوئے عوام اب علاج معالجے کے لیئے بھی پریشان ہیں ،ادویات کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے سے جعلی ادویات کا گھناؤنا کاروبار کرنے والے عوام دشمن عناصر کی چاندی ہوجائے گی اور وہ اپنی جعلی ادویات مارکیٹ میں پھیلا دیں گے جس سے انسانی جانوں کے نقصان کا اندیشہ ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین جب بھی اپنی عوام کے مسائل کے حل کے لیئے آواز اٹھاتے ہیں اور عوام کے حق کی بات کرتے ہیں تو حکومتی مشینری ان کے خلاف حرکت میں آجاتی ہے مگر پیپلزپارٹی اپنی عوام کے حقوق کے لیئے آواز بلند کرتی رہے گی چاہے کتنی بھی مشکلات کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے، ہمارے دور حکومت میں ادویات اور دیگر بنیادی اشیا ء ضرورت کی قیمتیں مستحکم تھیں اور عوام کی پہنچ میں تھیں، انہوں نے مزید کہاکہ حکومتی ہتھکنڈوں کے خلاف عوامی پلیٹ فارم کا بھرپور استعمال کیا جائے گا،جبکہ اگر ادویات کی قیمتو ں کے نوٹیفیکشن کلعدم قرار نہیں دیاگیا توہم غریب کو لیکر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں