حکومتی کوششوں کے نتیجے میں ملکی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:53

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں ملکی برآمدات میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور اس حوالے سے جلد مثبت نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ رواں سال برآمدات کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ ہم تیل کے درآمدات پر 4 بلین ڈالر خرچ کرتے ہیں جو ہماری معیشت پر بڑا بوجھ ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے حکومت کی معاونت کے لئے آگے آئیں۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق دائود نے کہا کہ ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں میں معیاری ریسرچ کی کمی کی وجہ سے زرعی ترقی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے، اس حوالے سے چین سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خوردنی تیل کی صنعت کو آگے لے کر جائیں گے اور کسانوں کو تیل کی پیداوار میں مدد سے قیمتی زرمبادلہ بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ ایک چیلنج ہے جس سے نمنٹے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی مل کر ملکی معیشت کو درپیش چیلنجیز کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ عبدالرزاق دائود نے بتایا کہ امریکن کمپنی کارگل نے پاکستان کے زرعی شعبے میں کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں