بوائز کے ساتھ خواتین فٹبال کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے، اشفاق حسین شاہ

مارٹا وومن فٹبال کلب کے بانی و صدر رئیس خان کی پی ایف ایف کے صدر سے ملاقات، کلب کے بارے میں بریف کیا

اتوار 20 جنوری 2019 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) مارٹا وومن فٹبال کلب کے بانی و صدر رئیس خان نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر انجینئر اشفاق حسین شاہ سے شہر قائد کے وزٹ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ملاقات کی اور فٹبال کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رئیس خان نے اشفاق حسین شاہ کو کلب کے بارے میں بریف کیا کہ کراچی میں خواتین فٹبال کی مفتود صورتحال کے باعث 10 سال قبل مارٹا وومن فٹبال کلب کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے تحت گراس روٹ لیول پر خواتین فٹبال کھلاڑیوں کی ممتاز کوچز کے ذریعے تربیت کی جاتی ہے۔

فٹبالرز میں مقابلے کے رجحان اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ٹورنامنٹس کا بھی تسلسل جاری ہے جبکہ لیکچرز اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ مارٹا وومن فٹبال کلب کی خواتین فٹبال کے فروغ کیلئے کاوش قابل ستائش ہیں۔ پی ایف ایف کے تحت بوائز کے ساتھ خواتین فٹبال کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں فٹبال کے ایونٹس کو وسعت دی جائے گی۔ رئیس خان نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود وومن فٹبال کی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہیں، جلد ہی ایک میگا فٹبال ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کراچی سمیت مختلف شہروں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں