حکمران عوام کے سر سے چھت چھیننے کا خیال دل سے نکال دیںم،حافظ نعیم الرحمن

واٹر بورڈ لیاقت آباد ، سکند رآباداور اعظم آباد کے رہائشیوں کو متبادل مکانات دے ورنہ مکانات خالی نہیں کیے جائیں گے،احتجاجی کیمپ سے خطاب جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل پر آواز بلند کی ہے ،ْسندھ اسمبلی میںاینٹی انکروچمنٹ مہم کے خلاف تحریک التواء جمع کرادی ہے،سید عبد الرشید

اتوار 20 جنوری 2019 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ اہلیان پرانا غریب آباد، لیاقت آباد ،سکند رآباداور اعظم آباد کو متبادل مکانات فراہم کرے ورنہ مکانات خالی نہیں کیے جائیں گے ، 50سال سے آبادشہریوں کو کسی صورت چھت سے محروم نہیں ہونے دیں گے ، جماعت اسلامی کے پاس بہترین بلدیاتی تجربہ اور قیادت ہے، ہم سے بات کریں متبادل بتائیں گے اگر 48انچ کی پانی کی لائن کا متبادل نہیں تو پہلے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے ، نعمت اللہ خان نے جب لیاری ایکسپریس وے تعمیر کیا تو عوام کو پہلے متبادل فراہم کیا تھا، عوام کسی کے فریب میں نہ آئیں ، آپس میں متحد رہیں ، جماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے ۔

اہلیان علاقہ کو کسی صورت بے گھر نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے واٹر بورڈ کی جانب سے سکندر آباد ، پرانا غریب آباد اور اعظم نگر کے مکینوں کو مکانات خالی کرنے کے نوٹس کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کیمپ میں بچے ، بوڑھے ،مرد وخواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہری و صوبائی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائے ۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ، ضلع عبوری امیر گلبرگ و سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، ناظم حلقہ جاوید احمد خان ، عبید احمد،سابق نائب ناظم لیاقت آباد ٹاؤن شہا ب احمد ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ واٹر بورڈ کے نوٹس نے علاقے کے رہائشیوںمیں بے چینی پیدا کردی ہے ، برسوں سے قائم آبادی جس میں باقاعدہ بجلی کا کنکشن اور گیس کی فراہمی کی گئی ہے لیکن اب واٹر بورڈ نے حکم نامہ جاری کرکے ان کا سکون برباد کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے جن لوگوں کو ووٹ دے کر منتخب کیا آج وہ لوگ ان آبادیوں سے نکل کر ڈیفنس چلے گئے ہیں انہیں یہاں کے لوگوں کا کوئی خیال نہیں ہے ۔ہم واٹر بورڈ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے کراچی کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی میں کتنا اضافہ کیا ۔کتنے پمپنگ اسٹیشنز کو ٹھیک کیا ۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے عوام کے لیے 100گیلن پانی کااضافہ کیا اور K3منصوبہ مکمل کیا اور اس کے بعد K4منصوبہ کا آغازکیا تھا لیکن بدقسمتی سے اس کے بعد آنے والی حکومت نے ایک گیلن پانی کابھی اضافہ نہیں کیا۔

K4منصوبہ کی لاگت 16ارب روپے جسے 2010میں مکمل ہونا تھا وہ ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا اور اب اس کی لاگت کھربوں روپوں تک پہنچ گئی ہے ۔ جماعت اسلامی اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے ، کسی قیمت میں بھی متاثرین کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اہلیان سکندر آباد ، پرانا غریب آباد اور اعظم نگر کے عوام کو متبادل جگہیں فراہم کریں ورنہ ہم سڑکوں پر آئیں گے اور ضرورت پڑی تو گورنر ہاؤس کا بھی گھیراؤ کریں گے ۔

رکن صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی عوام کے ساتھ رہیں گے۔سندھ اسمبلی میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ مہم کے خلاف تحریک التواء جمع کرادی ہے اور اہلیان سکندر آباد ، پرانا غریب آباد اور اعظم نگر سے منتخب ذمہ دارن سے ملاقات کروں گا اور مجھے امید ہے کہ دیگر منتخب عہدیداران بھی اس مسئلے کے حل کے لیے سے میرا ساتھ دیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں