تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑ میں معاشی قتل عام بند کیا جائے، عبدالحاکم قائد

پیر 21 جنوری 2019 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صد ر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کاروائی کی آڑ میں لیاری میں دکانداروںکا معاشی قتل عام بند کیا جائے ۔ قدیم لیمارکیٹ کا تحفظ کیا جائے ۔ 65سال سے حکومت کے خزانے میں کرایہ جمع کرانے والے دوکانداروں کو ایک ہی لمحے میںتجاوزات کیسے قرار دیا گیا ۔

متبادل روزگار کا اہتمام حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔حکومت پہلے اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ وہ لیمارکیٹ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پاسبان رہنما فضل ربی خان ،شمس ایوبی اور دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنمامحمد فرید ،عثمان غنی ،گل رحمن سواتی ،جاوید ناگوری ،فضل الرحمن ،بشیر بلور ،اختر پختون و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ لیمارکیٹ کے 600سے زائد دوکاندار متاثر ہوئے ہیں جو گذشتہ 65برسوں سے باقاعدگی سے حکومت کو کرایہ ادا کررہے تھے ۔ سینکڑوں خاندانوں میں صف ماتم بچھ گئی ہے اور فاقہ کشی کا خدشہ ہے ۔متبادل دیئے بغیر روزگار چھین لینا ظلم ہے اور پاسبان اس ظلم و ناانصافی کے خلاف میدان عمل میں جدوجہد کررہی ہے ۔

کراچی کے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام ایک ایسی گھنائونی سازش ہے جو پی ٹی آئی حکومت کی ساکھ کو بری طرح مجروح کررہی ہے ، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور یہاں کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت اور باعزت روزگار کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ جن افسران کے حکم پر مارکیٹ تعمیر کی گئی تھی ان کے خلاف کاروائی کی جائے اور گذشتہ 15سالوں کا وصول کردہ کرایہ واپس کیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں