تجاوزات کی آڑ میں ہل پارک کی مسجد کوشہید کرنا ظلم ہے،انتخاب عالم سوری

کوہساراسکیم کے اصل پلان میں باقاعدہ مسجد شامل ہے،چیف جسٹس نوٹس لیں ،صدر ایچ آراین

منگل 22 جنوری 2019 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری نے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں ہل پارک کی مسجد ’’راہ نما ‘‘ کوشہید کرنا ظلم ہے۔شہر میں پہلے ہی تجاوزات کی آڑ میں لوگوںکو بے روزگار کرنے کاعمل جاری تھا۔اب مسجد کو شہید کر کے اپنے ہی شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جارہی ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انتخاب عالم سوری کہا کہ شہر میں موجودچائنا کٹنگ کے نام پر قائم تعمیرات کو مسمار نہیں کیا گیا ،زمینوں پر سے ناجائز قبضے ختم نہیں کرائے گئے ،تجاوزات عملے کے نذدیک مسجد کو گرانااہم اورضروری تھا ،یہ عمل قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی تجاوزات کے نام پر ہزاروں لوگوں کو بے روزگار کیا جا چکا ہے اوران سے منسلک لاکھوں افراد فاقہ کشی کا شکار ہیں ،مگر حکومت سندھ اور سٹی گورنمنٹ نے وعدوں کے باوجود متبادل فراہم نہیں کیا۔

(جاری ہے)

جس سے متاثرین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔انتخاب عالم سوری نے کہا کہ شہر میں جب اراضی پر قبضے ہورہے تھے اس وقت شہری وسندھ حکومت کہاں تھی،انہوں نے کہا کہ ہل پارک ’’کوہساراسکیم‘‘ کے اصل پلان میں باقاعدہ مسجد شامل ہے۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے مسجد راہ نما میں توسیع بھی کرائی تھی لیکن موجودہ حکومت نے تجاوزات کی آڑ میں مسجد راہ نما کو شہید کردیا۔انتخاب عالم سوری نے مطالبہ کیا کہ مسجد کو ازسرنو تعمیر کیا جائے اورچیف جسٹس پاکستان اورچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اس پر از خود نوٹس لیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں