پاکستان رینجرزسندھ نے لیاری میں ایمونیشن سے بھرا بیگ برآمد کرلیا

بدھ 23 جنوری 2019 22:34

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) پاکستان رینجرزسندھ نے دبئی چوک لیاری میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایمونیشن سے بھرا ہوا بیگ برآمد کیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز(سندھ ) کوشہریوں کی طرف سے اطلاع ملی کہ دبئی چوک لیاری میں واقع ایک گٹر کی صفائی کے دوران ایک مشکوک بیگ دیکھاگیا جس پرسندھ رینجرز نے موقع پر پہنچ کربیگ کو اپنی تحویل میں لے کر تلاشی لی تو اس سے بڑی تعداد میں ایمونیشن برآمدہوا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق یہ ایمونیشن لیاری گینگ وار(زاہد لاڈلہ گروپ) کے شرپسند عناصر نے شہر میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے لئے چھپا رکھا تھا۔ برآمد کیے گئے ایمونیشن میں 5 عدد ہینڈ گرینیڈ، 4 عدد ڈیٹونیٹرز، 1220 عدد راؤنڈز ایم 4 رائفل اور 130 عدد راؤنڈز 8 ایم ایم رائفل شامل ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں