سرکاری ترجمان کا ہل پارک پلان میں مسجد تسلیم نہ کرنا سراسر جھوٹ اور لغو ہے ،ترجمان جماعت اسلامی

سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ایک کمیٹی کی زیر نگرانی مسجد کی توسیع کی گئی ،ْ سرکاری ترجمان اللہ کے حضور معافی طلب کریں جمعہ کو شہید کی گئی مسجد کے مقام پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی اور بحالی مسجد کے حوالے سے جدوجہد کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا ، جماعت اسلامی

بدھ 23 جنوری 2019 23:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے ہل پارک میں تجاوزات آپریشن کے دوران مسجد ’’راہ نما‘‘ شہید کیے جانے کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کی وضاحت کوئی بھی مسجد شہید نہ کرنے اور پارک کے ماسٹر پلان میں کسی مسجد کی موجودگی کو تسلیم نہ کرنے کے بیان کو سراسر جھوٹ اور لغو قراردیا ہے اور کہا ہے کہ سرکاری ترجمان کی دروغ گوئی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

ترجمان کو اللہ تعالیٰ کے حضور معافی طلب کرنی چاہیئے ۔جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 40سال سے اس مقام پر مسجد موجود ہے اور وہاں باقاعدگی کے ساتھ پانچ وقت کی نماز ادا کی جاتی ہے ۔ پارک میں آنے والوں کے لیے نماز ادا کرنے کے لیے یہ واحد مسجد تھی اور ہل پارک کے ماسٹر پلان میں بھی مسجد موجود ہے ۔

(جاری ہے)

سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں اسی مسجد کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تھی جس کی نگرانی میں مسجد توسیع کی گئی ۔

ترجمان نے کہاکہ انہدامی کارروائی کے دوران نہ صرف یہ کہ مسجد کو مکمل شہید کردیا گیا جو خود ایک توہین آمیز اور قابل گرفت عمل ہے جبکہ دوسری طرف مسجد شہید کرنے سے قبل احاطے سے قرآن کریم کے نسخے اور دیگر دینی کتب کو اٹھانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور ابھی تک مسجد کے ملبے کے اندر سے قرآن کریم کے شہید نسخے اور صفحات برآمد ہورہے ہیں۔

کے ایم سی کی کارروائی کے باعث شہریوں کے اندر شدید غم وغصہ اور اشتعال پیدا ہورہا ہے اگر مسجد کو اس کی اصل حالت میں بحال نہ کیا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا کہ عوام مسجد کی بے حرمتی اور شہادت کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کریں گے ۔جمعہ 25جنوری کو مسجد کے مقام پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی اور بحالی مسجد کے حوالے سے جدوجہد کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں