پی ٹی آئی حکومت کا بلاجواز سوشل میڈیا پر پابندی لگانے اور آزادی رائے پر سختیاں ان کی بھوکھلاہٹ اور نااہلی کا کھلا ثبوت ہے، نفیسہ شاہ

اتوار 17 فروری 2019 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی سیکریٹری اطلاعات و ممبر قومی اسمبلی نفیسہ شاہ ، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا بلاجواز سوشل میڈیا پر پابندی لگانے اور آزادی رائے پر سختیاں ان کی بھوکھلاہٹ اور نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خود ساختہ لیڈر شاید وہ وقت بھول گئے جب وہ کھلے سانڈ کی طرح پاکستان کی سڑکوں پر جس کی چاہئے تذلیل اور جس پر چاہئے الزام تراشی کرتے دیکھائی دیتے تھے اور آج ان کے سروں پر یہ وقت آن پہنچا ہے تو یہ اپنی آمرانہ طرز سیاست سے ڈنڈے کے زور پر عوام کو خاموش کرنے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر آزادی رائے پر کوئی قانون زیر تکمیل ہے تو پی ٹی آئی اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ اداروں اور عوام کے ووٹوں سے منتخب کردہ حکومتوں کے بارے میں جتنا کچھ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے غلاظت اگلی ہے ان سب کو بھی اس قانون پر عملدرآمد کرنا ہوگا ۔

پی پی پی رہنمائوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل پی ٹی آئی نے جس سیاست کو پروان چڑھایا ہے آج وہ خود اس سے خوفزدہ ہے اور عوام کو نہ بولنے نہ سننے اورنہ دیکھنے کے مشورہ پر عمل پیرا ہے۔پاکستان کی عوام جان چکی ہے کہ کھلاڑی اور سیاست دان میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے اور کس طرح ایک ناتجربہ کار حکومت کا اقتدار پر قابض ہونے کے بعد ملک کی حفاظت وخوشحالی اور عوام کی جان کو دائوں پر لگایا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں