پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامے بھارتی ڈراموں سے کہیں آگے ہیں، خالد اعظمی

پاکستانی فلموں کی سالانہ تعداد 200 تک ہوجائے گی تو فلمی صنعت مستحکم ہوگی ،بھارتی رائٹر کا نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ میں طلبا وطالبات سے خطاب

پیر 18 فروری 2019 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) بھارت سے آئے ہوئے بگ باس، کپل شرما شو اور مقبول فلموں کے رائٹر خالد اعظمی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامے بھارتی ڈراموں سے کہیں آگے ہیں۔ ڈرامہ لکھنے والے پاکستان میں بھی بہت اچھے ہیں البتہ بھارتی فلمیں سالانہ تعداد کے اعتبار سے پاکستان سے بہت زیادہ ہیں۔ گزشتہ 5 سالوں میں پاکستانی فلموں کا معیار بہتر ہوا ہے مگر تعداد بہت کم ہے۔

25 سے 30 فلمیں آپ کے سینمائوں کی سالانہ ضرورت پوری نہیں کرسکتی۔ پاکستانی فلموں کی سالانہ تعداد 200 تک ہوجائے گی تو فلمی صنعت بھی مستحکم ہوگی اور ملک میں جو طلباء میڈیا سائنس یا فلم میکنگ کے شعبوں کے لئے تعلیم حاصل کررہے ہیں ان کے لئے بہتر روزگار کا بھی مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ میں طلباء وطالبات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی چیئرپرسن ہما بخاری بھی موجود تھیں۔ خالد اعظمی نے 2 گھنٹے تک طلباء کے سوالات کا بہتر اور خوبصورتی سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا رائٹر ہونے کے لئے مشاہدہ اور گردوپیش سے آگہی ضروری ہے۔ فلم کی کامیابی میں رائٹر سے زیادہ کام اسکرین پلے کا ہوتا ہے۔ اسکرین پلے جتنا اچھا لکھا جائے گا فلم اتنی ہی کامیاب ہوگی۔

کپل شرما شو اور بگ باس شو بھی اسکرپٹڈ ہوتے ہیں۔ جسے فنکار میزبان اپنی برجستہ ادائیگی یا پرفارمنس سے بہتر بنادیتے ہیں۔ پاکستان کے چار فلم سازوں کے لئے میں فلم لکھ رہا ہوں۔ دو تین چینلز نے بھی ڈرامہ سیریل لکھنے کی آفر کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خالد اعظمی نے کہا کہ پاکستان فنکار بھی بہت ٹیلنٹڈ ہیں۔ بھارت میں فواد خان، جاوید شیخ نے اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

خالد اعظمی نے انسٹیٹیوٹ کے بعض شعبوں کا دورہ کیا اور طلباء کی دلچسپی اور سرگرمیوں کو سراہا۔ فصیح امجد نے خالد اعظمی کا تعارف کرایا۔ چیئرپرسن ہما بخاری نے انسٹیٹیوٹ کی جانب سے خالد اعظمی کو یادگاری شیلڈ جبکہ منور، زنوبیہ، نادر زیرک ودیگر اسٹاف کی جانب سے خالد اعظمی اور ان کی اہلیہ کو اجرک پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں