پالس ریسکیو کا کراچی کے نوجوان ماہی گیروں کے لئے فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا اعلان

جمعہ 22 فروری 2019 18:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان کے نجی شعبے میں لوگوں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچانے کاکام کرنے والے واحد فلاحی ادارے پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن (پالس ریسکیو) نے کراچی کی ساحلی پٹی پر واقع نوجوان ماہی گیروں کے لئے پہلا فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ بعنوان پالس فٹ بال ٹورنامنٹ 2019 بروز پیر 25 فروری سے شروع ہورہا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن کے مابین مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ یکم مارچ 2019 کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز عبدالرحمان گوٹھ کے بلیجی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے جس میں اہم شخصیات، سرکاری حکام، منتخب عوامی نمائندے ، کھیلوں کے پرستار اور عام لوگ شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

پالس ریسکیو کے بانی و پریذیڈنٹ رضا صمد نے کہا، "مقامی لوگوں میں فٹ بال انتہائی پسندیدہ کھیل ہے ۔

اس لئے ہم نے یہ ٹورنامنٹ سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کے لئے منعقد کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے مقامی لوگوں میں اپنے علاقے سے وابستگی کا احساس بڑھے گا اور جب وہ برسرروزگار ہوں گے تو انہیں اپنے لوگوں کی بہبود کے لئے پہلے سے بہتر انداز سے کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ اس کے ساتھ ہمیں توقع ہے کہ پالس فٹ بال ٹورنامنٹ ان نوجوانوں کے لئے سالانہ تفریح کا بھی باعث ہوگا۔

" یہ اپنی نوعیت کا پہلا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے جس میں ایک دوسرے سے واقف مقامی افراد تفریحی سرگرمی میں اکھٹے ہوں گے۔ فائنل میچ کے بعد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوگی جس میں فاتح ٹیم کو ٹرافی اور نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن (پالس ریسکیو) سال 2004 میں بطور فلاحی ادارہ قائم ہوا جس نے کراچی کے ساحلوں پر مفت امدادی کاموں کا آغاز کیا۔

پالس ریسکیو میں اس وقت 250 سے زائد انتہائی اعلیٰ تربیت یافتہ لائف گارڈز ہیں جو ماہی گیر برادری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مون سون سیزن میں لائف گارڈز کی ضرورت دو گنا ہوجاتی ہے۔ اس ادارے سے ایک ہزار سے زائد لائف گارڈز منسلک ہوچکے ہیں اور 5 ہزار سے زائد افراد کو ڈوبنے سے بچایا جاچکا ہے۔ اس کے ساتھ پالس ریسکیو ساحلوں پر آنے والے سالانہ 80 لاکھ سے زائد افراد کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں