وفاقی رہائشی علاقوں کے کوارٹرز سے لوگوں کو بے گھر نہیں کیا جائے گا نہ ہی ان کے گھر منہدم کئے جائیں گے،طارق بشیر چیمہ

جو لوگ سرکاری کوارٹرز میں کم کرائے پر رہ رہے ہیں ان کی لسٹیں مرتب کرنے کے بعد اسلام آباد بھیجا جائے گا ان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا،وفاقی وزیر ہاؤسنگ کی پریس کانفرنس

جمعرات 21 مارچ 2019 18:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وفاقی وزیر برائے ہاسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی رہائشی علاقوں مارٹن کوارٹرز، ایف سی ایریا کوارٹرز، پاکستان کوارٹرز، اور دیگر رہائشی کوارٹرز سے لوگوں کو بے گھر نہیں کیا جائے گا نہ ہی ان کے گھر منہدم کئے جائیں گے لیکن ان اربوں کھربوں کی زمینوں پر رہنے والے افراد کو سرکار کی بات بھی سنناپڑے گی،جو لوگ سرکاری کوارٹرز میں کم کرائے پر رہ رہے ہیں ان کی لسٹیں مرتب کرنے کے بعد اسلام آباد بھیجا جائے گا ان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

قصر ناز میں ہونے والے سانحہ کی تحقیقات پیر 25مارچ تک مکمل کرلی جائے اس سانحے کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قصر ناز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ان کے مسلم لیگ ق سندھ کے صدر طارق حسن بھی تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ یہ بات سامنے آگئی ہے کہ قصر ناز میں جو ہلاکتیں ہوئیںبریانی کھانے سے نہیں بلکہ کمرے میں اسپرے کئے جانے سے ہوئی تھیں اس کی محکمانہ تحقیقات وزیر اعظم کے حکم پر شروع کردی گئی تھی اس کی فورنزک رپورٹ پیر تک مکمل ہوجائے گی جس کی روشنی میں ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، انھوں نے کہا کہ قصر ناز سانحے میں معصوم جانوں کا نقصان ہوا ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا پولیس نے کچھ گرفتاریاں بھی کی تھیں ، انھوں نے کہا کہ ہمارے محکمے کے افسر کے قریبی عزیز تھے یہ لوگ جنھیں اس افسر کے کہنے پر رہائش کے لئے کمرہ دیا گیا تھا۔

ہماری معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کے افراد میں انتہائی پردہ دار خواتین شامل تھیں جن کی وجہ سے کمرے میں اسپرے کے بعد بھی کھڑکیاں اور دروازے نہیں کھولے گئے ۔اس ہی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں، لیکن میں یقین دلاتا ہوں اس معاملے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی ، مرنے والوں کے لواحقین کے اگر یہ بات کہتے ہیں کہ اموات اللہ کی رضا سے ہوئی وہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے اس کے باوجود بھی کیس کو روکا نہیں جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ میں گذشتہ روز ہی وزیر اعظم کے حکم پر کراچی پہنچا تھا کل میری گورنر سے ملاقات ہوئی تھی اور آج میں نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے ان سے میرے پرانے مراسم ہیں،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے ہاسنگ نے کہا کہ وفاقی رہائشی علاقوں ایف سی ایریا کوارٹرز، پاکستان کوارٹرز، مارٹن کوارٹرز سمیت دیگر وفاقی سرکاری رہائشی کوارٹروں سے کسی کو بے گھر نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کے گھر کو منہدم کیا جائے گا۔

حکومت کی پالیسی نہیں ہے کہ کسی کو بے گھر کیا جائے ، لیکن ان اربوں اور کھربوں کی زمینوں اور کوارٹروں میں رہائش پزیر افراد کو بھی سرکار کی بات کو سننا پڑے گا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ وہ پچاس سالوں سے رہ رہے ہیں تو ان کی سب کچھ اپنی مرضی چلے گی، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ جو لوگ سرکاری کوارٹروں پر کم کرائے پر رہ رہے ہیںان کی لسٹیں مرتب کرنے کے بعد اسلام آباد بھیجی جائے گی اور ان پر بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں