کراچی،حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی ، ایک شخص جاں بحق، تین جھلس گئے

جمعرات 21 مارچ 2019 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی سے ایک شخص جاں بحق اور تین افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ،فائربریگیڈ نے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی معاونت سے کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پالیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع عمارت میں جمعرات کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں ،ابتدائی طور پر دو گاڑیوں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا تاہم بعد ازاں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی معاونت بھی طلب کرلی گئی آگ بجھانے کے عمل کے دوران ایک شخص نے جان بچھانے کیلئے عمارت سے چھلانگ لگادی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا مضروب کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا جبکہ آتشزدگی کے دوران عمارت کے اندر موجود تین افراد بھی جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال کے برن سینٹر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور آگ بجھانے کے عمل میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر نے بھی معاونت فراہم کی ہے جبکہ فائربریگیڈ کی دوگاڑیوں نے ریسکیو عمل میں حصہ لیا۔حکام کے مطابق آتشزدگی کے دوران عمارت میں زیادہ افراد نہ ہونے کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا اور فی الحال آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر پوری طرح قابو پالیا گیا ہے اور بلڈنگ کو بھی مکمل طور پر خالی کرکے کولنگ کا عمل جاری ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں