ہمارے معذور افراد کی صلاحیتیں کسی بھی نارمل افراد سے کم نہیں،کھٹومل جیون

اسپیشل افراد ہر شعبے میں اپنی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دیتے ہوے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، مخصوص افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، معاون خصوصی انسانی حقوق وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 21 مارچ 2019 22:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق کھٹومل جیون نے کہا ہے کہ ہمارے معذور افراد کی صلاحیتیں کسی بھی نارمل افراد سے کم نہیں، یہ اسپیشل افراد ہر شعبے میں اپنی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دیتے ہوے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ہم آج ایسے تمام مخصوص افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ اور جے ایس اکیڈمی فار دی ڈیف کے باہمی اشتراک سے معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے سیمینار آڈیٹوریم نیشنل میوزیم میں منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ تھا جس نے نوکریوں میں معذور افراد کا کوٹہ 5% تک مختص کرتے ہوے اس پر پوری طرح عمل درآمد کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

اور معذور افراد کی فلاح و بہبود اور انکی تربیت کے حوالے سے بھی سندھ حکومت اقدامات کر رہی ہے۔سیمینار میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے آبپاشی اشفاق میمن، رکن سندھ اسمبلی موہن لال کوہستانی، سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق لبنا صلاح الدین، ایڈمنسٹریٹر انسانی حقوق سندھ محمد اشفاق، غلام نبی نظامانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہم سندھ میں معذور افراد کے حقوق کی فراہمی کے حوالے سے نیا سورج ابھرتے ہوے دیکھ رہے ہیں ہم سب کو اس سلسلے میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

سیمنار سے خطاب کرتے ہوے لبنیٰ صلاح الدین نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ ایسے اسپیشل افراد کی فیملی کو بھی تربیت اور کونسلنگ کی ضرورت ہے تا کہ پیدائش کے فوراً بعد انکی نشونما اور پروش میں پیدا ہونے والی بنیادی کوتاہیوں کو دور کیا جا سکے اور انھیں ہر قسم کے احساس محرومی سے بچایا جا سکے۔

کیونکہ ایسے بچوں کو ماں باپ کی جانب سے زیادہ محبت اور اہمیت درکار ہوتی ہے۔سیمینار میں موجود سماعت سے محروم افراد نے تقاضا کیا کے حکومت انکے لیے تفریح کے مواقع بھی پیدا کرے اور خاص کر پاکستان ٹیلی ویڑن پر ماضی میں نشر ہونے والا پروگرام بولتے ہاتھ دوبارہ شروع کیا جانا چاہے جو ناجانے کن وجوہات کی بنائ پر بند کر دیا گیا ہے تقریب کے اختتام پر محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے جے ایس اکیڈمی فار دی ڈیف کو سماعت کے آلے بھی تحفے میں دیے اور مقررین کو شیلڈ پیش کی گئیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں