مارچ کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت ہے،طارق حلیم

امن و خوشحالی کیلئے پاکستان کی افواج اور قوم کا جذبہ لازوال ہے،سابق صدر ایف پی سی سی آئی

جمعہ 22 مارچ 2019 17:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) چیئرمین پاکستان شپس ایجنٹس ایسوسی ایشن (PSAA)،سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق حلیم نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت ہے،ہمارے عظیم رہنمائوں کے تاریخی سفر کی بدولت ہمیں یہ وطن حاصل ہوا،ہر پاکستانی قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ "امن کا نشان ہے ہمارا پاکستان"، پاکستان امن کا گہوارہ ہے،ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ کامیابی کے اس سفر کو رواں دواں رکھنے اور پاکستان کی ترقی کیلئے ہر قدم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

طارق حلیم نے یوم پاکستان 23 مارچ کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ امن و خوشحالی کیلئے پاکستان کی افواج اور قوم کا جذبہ لازوال ہے‘ بزنس کمیونٹی اپنے لیڈر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں ملکی ترقی میں پیش پیش ہے ا وراجتماعی جدوجہد سے ہی پاکستان میں امن و ترقی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے،بلاشبہ 23 مارچ 1940ء ہمارے باعظمت آبائو اجداد کے اُس کٹھن سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے جو انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ریاست کے قیام کیلئے طے کیا اور کئی سال کی جدوجہد کے بعد ہمارا پیارا ملک پاکستان معرض وجود میں آیا جہاں ہم عزت و وقار کے ساتھ اپنے روز و شب بسر کر رہے ہیں‘ ایک الگ ملک کا قیام ہمارے اسلاف کے غیر متزلزل عزم‘ بلند ہمت اور تن من دھن کی قربانیوں کا ثمرہ ہے جوقائداعظم محمد علی جناح کے دور اندیش اور فقید المثال قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی وبقا کا ضامن ہے، 23مارچ تجدید عہدوفا کا دن ہے آج اسی جذبہ کو بیدار کرنے کی ضرورت اور ہمیں پھر سے ایک قوم بننا ہوگاتاکہ بانی پاکستان قائداعظمؒ کا ایک جمہوری، اسلامی اور فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے،یوم پاکستان کے اس یادگار موقع پر میں تمام اہلیان پاکستان کو پرجوش مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں