ّکراچی، پاکستان آج تک قرارداد پاکستان اور قرار داد مقاصد کی راہ تک رہا ہے،دردانہ صدیقی

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان آج تک قرارداد پاکستان اور قرار داد مقاصد کی راہ تک رہا ہے، بانیان پاکستان نے خدا سے جن وعدوں پر یہ سرزمین حاصل کی تھی، اس سے روگردانی کی وجہ سے آج ہم گوناگوں مسائل اور بحرانوں کا شکار ہیں۔ امن اور خوشحالی چاہیے تو ہمیں اپنی اساس کی طرف لوٹنا ہوگا، قوم مایوس نہ ہو، وطن عزیز کا مستقبل اسلام سے وابستہ اور انتہائی روشن ہے۔

اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل قریب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک ہمیں ایسے حکمران میسر ہی نہیں آئے جو قرارداد مقاصد پر عمل درآمد کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان آج بھی پاکستان کے اساس، نظریہ اور نظام کی راہ تک رہا ہے، جب تک ہم اپنی اصل بنیاد کی طرف نہیں لوٹتے اور مملکت خداداد میں وہ نظام رائج نہیں کرتے جس کے وعدے پر ہم نے یہ وطن حاصل کیا تھا، تب تک قوم کو حقیقی خوشحالی اور ترقی میسر نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کو مدینے جیسی ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے، قوم اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے ہمارا ساتھ دے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں