سماعت اور بینائی سے محروم بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں، سید قاسم نوید قمر

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ سماعت اور بینائی سے محروم افراد اور بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہوتے ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے افراد اور بچوں کو آگے بڑھنے کے لیے مساوی اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں خصوصی بچوں سے متعلق منعقد ہونے والے ایک پالیسی ڈائیلاگ سمینار سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد خالد چاچڑ، ممتاز صحافی زیبدہ مصطفی، ڈیف ریچ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رچرڈ گیری، ڈاکٹر کوثر وقار، ڈاکٹر غزالہ اور دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔ سیمینار کو بتایا گیا کہ ایک سروے کے مطابق پانچ سال سے سولہ سال کی عمر تک کے بچوں ( پندرہ فیصد ) میں سماعت، بینائی اور دیگر صلاحیتوں کی شدید کمی پائی گئی اور اس سلسلے میں پورے ملک میں ایک جامع سروے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خصوصی افراد اور بچوں کی صحیح تعداد کا اندازہ لگایا جا سکے اور اس تعداد کے مطابق ان کی بحالی کا کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ اشاروں کی زبان کے استعمال سے سماعت سے محروم افراد اور بچے اپنی کارکردگی کو بہت زیادہ بہتر کر سکیں ہیں اور اس ٹیکنالوجی کو خصوصی افراد کو سکھانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے جبکہ بینائی سے محروم افراد کو معاونتی ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھی آگاہی اشد ضروری ہے۔ سیمینار کے شرکانے اس تجویز پر بھی اتفاق کیا کہ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں