صحافتی خدمات کا اعتراف ،صوفیہ یزدانی کے لیے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) حکومت پاکستان نے نوائے وقت کراچی سے وابستہ معروف اور ممتاز صحافی صوفیہ یزدانی کو ان کی قومی صحافتی خدمات کے اعتراف میں صدارتی اعزاز برائے حسن کار کردگی‘‘ دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ ایوارڈ انہیں 23مارچ 2019ء کے موقع پر منعقد ہونے والی قومی تقریب برائے تقسیم اعزازات میں پیش کیا جائے گا۔

صوفیہ یزدانی اس سے پہلے صحافت کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ’’اے پی این ایس جرنلسٹس ایوارڈ‘‘ بھی حاصل کر چکی ہیں۔ صوفیہ یزدانی نے جامعہ کراچی سے شعبہ صحافت میں بی اے آنرز میں فرسٹ کلاس اوّل پوزیشن ‘بی اے آنرز میں آرٹس فیکلٹی میں اوّل پوزیشن اور ایم اے ابلاغ عامہ میں فرسٹ کلاس دوئم پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس فیکلٹی میں اوّل پوزیشن حاصل کرنے پر یونیورسٹی کی طرف سے اسکالر شپ کا اجراء کیا گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے روزنامہ نوائے وقت کراچی سے عملی صحافت کا آغاز کیا اور نوائے وقت انٹرنیشنل نیوز ڈیسک، میگزین ، تجزیاتی ڈیسک، ادارتی صفحے سمیت مختلف شعبوں میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیئے ۔صوفیہ یزدانی نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ایم اے کو نیوز رائٹنگ اینڈ رپورٹنگ اورتعلقات عامہ کے مضامین پڑھائے۔ نوائے وقت کے فیملی میگزین میں صوفیہ یزدانی کے اہم ترین شخصیات سے سینکڑوں ذاتی و پیشہ ورانہ انٹرویوز، فیملی فیچرزاور تحقیقاتی رپورٹس شائع ہوچکی ہیں۔

فیملی میگزین میں ’’کاروکاری‘‘ پر شائع مضمون کو سال کا بہترین مضمون قرار دے کر اے پی این ایس جرنلٹس ایوارڈ دیا گیا۔علاوہ ازیں سندھ حکومت کی طرف سے معمار وطن میڈل ‘ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد کی تقریب میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ایوارڈ کے علاوہ میڈیا ایوارڈ برائے ذہنی صحت‘ بچوں کے ادب پرشہید پاکستان حکیم سعید لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘لائف ٹائم ایکسی لینس ایوارڈ‘حجاب ایوارڈ‘وومینز اچیومنٹ ایوارڈ2018ء ‘عالمی یوم خواتین 2018 ء کے موقع پر شیلڈ آف آنرسمیت متعدد ایوارڈز ‘ تہنیتی اسناد اور خطوط حاصل کر چکی ہیں۔

وومین ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کی جانب سے تشکیل کردہ ’’چائلڈ میرج مانیٹرنگ کمیٹی ‘‘میں بحیثیت صحافی رکن نامزد کیا گیا۔صوفیہ یزدانی نے پاکستان میںساحلی جزیروں‘ زلزلوں اور سیلاب کی صورت میںآنے والی قدرتی آفات میںکٹھن راستوں سے گزر کر مشکل ترین مقامات پر جا کرخصوصی رپورٹیں شائع کیں۔ پاکستان کے پرنٹ میڈیا کی وہ پہلی خاتون صحافی ہیں جنہوں نے سمندری سفر طے کرتے ہوئے پی این ایس ہمالیہ جا کر اسکوبا ڈائیونگ‘ڈیپ سی فشنگ‘اندرون سندھ کیٹی بندر اور ٹپن کے جزیروں‘ پہاڑی راستوں کاسات گھنٹے کا کٹھن سفر طے کر کے بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقے اواران‘ٹریکنگ کرتے ہوئے ڈونگا گلی سے مشک پوری ٹاپ کی9200فٹ بلند چوٹی پر جا کر رپورٹیں تیار کیں۔

صوفیہ یزدانی ایک معروف بین الاقوامی یونیورسٹی پریس کی کئی کتب اور ٹیچرزگائیڈ کی مصنفہ ہیں۔ آپ نے ایک بین الاقوامی شہرت کے حامل اشاعتی ادارے کی پیش کش پر نصابی کتب اور ٹیچرز گائیڈ لکھیں جو پاکستان بھر کے اسکولوں میں پڑھائی جارہی ہیں۔فیڈرل یونین آف جرنلٹس کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن ہیں۔ ریڈیو پاکستان کراچی سے بچوں کے پروگرام کے علاوہ ’’بیڈ ٹائم اسٹوریز بھی لکھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں