حق کے غلبے کیلئے جدوجہد کرنے والا انسان ہی اللہ کو مطلوب ہے، اسد اللہ بھٹو

حکومت غیروں کے اشاروں پر عقیدہ ختم نبوت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے،رہنما جماعت اسلامی

ہفتہ 23 مارچ 2019 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں حق وباطل کا معرکہ جاری ہے، اسلام وکفر کی جنگ میں کوئی بھی صاحب ایمان لاتعلق نہیں رہ سکتا،فکر آخرت اور حق کے غلبے کیلئے جدوجہد کرنے والا انسان ہی اللہ کو مطلوب ہے، انسان کی اصلاح میں سب سے بڑی رکاوٹ تکبر وانا ہوتا ہے، فقیری وانکساری ہی اللہ کو پسند ہے، آپ ؐ کا امتی ہونا ہماری سب سے بڑی پہچان ہے، حکومت غیروں کے اشاروں پر عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے، آسیہ مسیح فیصلے سے لیکر حلف نامہ عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم اس کی واضح مثال ہے، اسلئے امت کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے غلامان مصطفی حکمرانوں کی اس حوالے سے کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ہالا میں منعقدہ ذمہ داران کی سہ روزہ تربیت گاہ کے دوسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مہمان مربی اسداللہ بھٹو کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا،اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ مغرب اسلاموفوبیا کا شکار اور تعصب کے اندر ڈوبا ہوا ہے جو اب اسلام ومسلمانوں کیخلاف دشمنی پر اتر آیا ہے، نیوزیلنڈ سانحہ اس کی تازہ مثال ہے اگر یہ کام کسی مسلمان نے کیا ہوتا تو ایک طوفان برپا ہوجاتا مگر مغربی دنیا اور مغرب کا میڈیا تعصب پر مبنی دہرا کردارقابل مذمت ہے، ہمارے نبیؐ اور اسلام کے دشمن ان کے ہیروز ہیں، تسلیمہ نسرین، سلمان رشدی جیسے دین دشمن لوگوں کو مغرب اپنے ہاں پناہ دیکر پال رہا ہے ۔

اس سے قبل مفتی ولی محمد اصلاحی، معروف دانشور شاہنواز فاروقی نے بھی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کیا،شاہنواز فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، مولانا مودودیؒ نے امت کو بھولا ہوا سبق یاد دلایا، جنہوں نے نہ صرف حق اور اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا بلکہ اسلام کو مغلوب نہیں غالب ہونے کا تصور دیا، علامہ اقبالؒ نے نظم اور مولانا نے نثر سے قوم کی رہنمائی کی، دنیا میں اس وقت جتنی بھی تحریکیں چل رہی ہیں ان کی اکثریت مولانا مودودیؒ کے فکر سے متاثر ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں