اسداللہ بھٹو،محمد حسین محنتی کی مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی مذمت

ہفتہ 23 مارچ 2019 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے جید عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی تقی عثمانی پر حملہ کراچی کے امن کو تہ وبالا اور عوام کے اتحاد ویکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی سازشوں کی کڑی ہے، مفتی تقی عثمانی نہ صرف پاکستان کے ہر مکتبہ فکر سے بلکہ بیرون ملک بھی عزت واحترام اور ایک قابل قدر شخصیت ہیں، وہ کراچی اور ملک کے عوام کا بہت بڑا سرمایہ ہیں جن کی دینی اور علمی کاوشیں قابل قدر اور ہمارے لئے زاد راہ کا درجہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں علی رضاعابدی کے قتل سے لیکر آج تک پولیس، شہریوں اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں مسلسل اضافہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

اہم دینی، سیاسی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت سے عوام میں شدید بے چینی اور مایوسی پھیل رہی ہے، سندھ حکومت کا فرض ہے کہ وہ جلد از جلد مفتی صاحب پر حملے میں ملوث مجرموں اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹھڑے میں لائے، دینی شخصیات اور علماء کرام سے واپس لی گئی سیکورٹی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ آئندہ اسطرح کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے واقعے میں شہید ہونے والے باڈی گارڈز کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں