پاکستان میں سب کچھ ہے معاشی حالات کو وہ ہی ٹھیک کریگا جس کی نیت ٹھیک ہوگی

ایازموتی والا کی ڈالر170اورسونا80ہزار تولہ ہونے کی پیش گوئی

پیر 25 مارچ 2019 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صدرکراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پیشن گوئی کی ہے کہ اگر مہنگائی کی یہی صورتحال رہی تو ڈالر 170روپے اور سونا 80ہزار روپے تولہ ہو جائے گا، روپے کی گرتی ہوئی قدر سے مہنگائی جہاں آسمانوں کو چھونے لگے گی وہاں غربت میں تیزی سے اضافہ بھی دیکھنے کو ملا ہے ،حکومت کے موجودہ معاشی پروگراموں سے مطمین نہیں ہوں،پاکستان کی عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، اس پر غیر ذمہ دارانہ رویوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیاہے، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کراچی میں ڈیفنس آفس سے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی سے زیادہ ملک چلانے کا تجربہ کسی کے پاس نہیں اس کے پاس ایسے تجربہ کار سیاستدان ہیں جو ملک میں معاشی بہتری لاسکتے ہیں،موجودہ حالا ت میں اگر غریب کی تنخواہ 25ہزار روپے ماہانہ بھی کردی جائے تو وہ اپنا گزارا نہیں کر سکتا، افسوس کہ ساتھ کہنا پڑرہاہے کہ پاکستان میں مغربی ایجنڈے پر کام کرنے والوں کی تعداد بڑہتی جا رہی ہے، انہوںنے کہاکہ شہر قائد میں گندگی پھیلا کر اس شہر کو بیماریوں کا مسکن بنا دیا گیا ہے اور باقاعدہ پلاننگ کے تحت ادویات بنانے والی کمپنیوں کو فائدے پہنچایا جارہا ہے، ادویا ساز کمپنیاں اس وقت مافیہ بنی ہوئی ہیں ، ادویات غریب آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں ، آنے والے دنوں میں زندگی مہنگی اور موت سستی ہوتی دکھائی دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہر شعبے میں مافیہ کا راج ہے ، کراچی میں گھنٹوں ٹریفک جام کر کے ڈیزل اور پٹرول مافیہ کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، انہوںنے مزید کہاکہ ہمیں حکومت سے بہت زیادہ امیدیں تھی معاشی حالات کو اگر کوئی ٹھیک کرناچاہے تو اس کے لیے کوئی مشکل کام نہیں ہے معاملہ صرف نیتوں پر منحصر ہے موجودہ حکومت بھی اگر گزشتہ حکومتوں کی روش پر چلے گی تو پھر کس طرح سے ممکن ہے کہ ملک میں معیشت کی بہتری ممکن ہوجائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں