فنی خرابی کے نام پر کاروان بھٹو میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی گئی تو برداشت نہیں کیا جائے گا، عاجز دھامرہ

پیر 25 مارچ 2019 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان اور سابق سنیٹر عاجز دھامرہ نے کہاہے کہ منگل کوسندھ کے چپے چپے میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی استقبال ہوگا۔ پی پی پی سندھ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرہ نے کہاکہ منگل سے شروع ہونے والے کاروان بھٹو کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔

عوام کے شدید خواہش اور جوش و خروش کی وجہ سے 8 گھنٹے کے سفر کو 48 گھنٹوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔ انھوں نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منگل 26 مارچ صبح 10 بجے کینٹ اسٹیشن کراچی سے کاروان بھٹو شروع ہوگا جو رات 8 بجے نواب شاہ پہنچے گاجبکہ 27 مارچ بروز بدھ کو صبح دس بجے نواب شاہ سے لاڑکانہ روانگی ہوگی اور 8 بجے اختتامی تقریر لاڑکانہ میں ہوگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایاکہ جن ریلوے اسٹیشن پر عوام کے فقید المثال اجتماعات سے چئیرمین پی پی پی خطاب کریں گے ان میں کینٹ اسٹیشن کراچی، لانڈھی کراچی، جنگ شاہی ضلعہ ٹھٹھہ، کوٹری ڈسٹرکٹ جامشورہ، حیدرآباد، اوڈیرو لال ضلع مٹیاری، ٹنڈو آدم، شہداد پور، نواب شاہ، شہید بینظیر آباد کے نواب شاہ ریلوے اسٹیشن پر رات 8 بجے خطاب ہوگا۔ جبکہ 27 مارچ کو صبح دس بجے نواب شاہ ریلوے اسٹیشن سے کاروان اپنا سفر شروع کرے گا جس میں دوڑ، پڈ عیدن، محراب پور ، بھریا روڈ، رانی پور، خیرپور میرس، روہڑی، سکھر، گوسرجی، حبیب کوٹ، مدیجی، سر شاہنواز بھٹو نوڈیرو، اور آخر میں لاڑکانہ میں کاروان بھٹو کا اختتامی خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروان بھٹوکااعلان ہوتے ہی وفاقی حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ بڑھ رہا ہے اور اسلام اباد کے ایوانوں میں کھلبھلی مچی ہوئی ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اگر فنی خرابی کے نام پر روڑے آٹکائے گئے تو اسکو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں