پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا استعفیٰ منظورکرلیاگیا

صوبے کے تنظیمی معاملات کی نگرانی عارضی طور پرصوبائی جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کو سونپ دی گئی بدقسمتی سے ظالم، کرپٹ اور خود غرض سیاسی ٹولے نے برسوں سندھ کے عوام کا خون چوسا ہے، آج اپنی کرپشن بچانے کیلئے ٹرین مارچ جیسے تماشے کئے جارہے ہیں، سیف اللہ نیازی

منگل 26 مارچ 2019 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا استعفیٰ منظورکرلیاگیاجبکہ صوبے کے تنظیمی معاملات کی نگرانی عارضی طور پرصوبائی جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کو سونپ دی گئی ہے۔منگل کوپاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور مرکزی سیکرٹری جنرل ارشدداد کے درمیان ملاقات ہوئی،ملاقات میں تنظیمی معاملات کا غور کیاگیا۔

اس موقع پرتحریک انصاف سندھ کے سیکرٹری جنرل حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے ۔مشاورت کے بعد تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا استعفی منظورکرلیاگیا، انہوں نے بتایا کہ استعفے کی منظوری کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیاہے جبکہ صوبے کے تنظیمی معاملات کی نگرانی عارضی طور پرصوبائی سیکرٹری جنرل حلیم عادل شیخ کو سونپ دی گئی۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ کو سونپی جانے والی ذمہ داری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ حلیم عادل شیخ سندھ میں نئی تنظیم سازی تک تنظیمی معاملات کی نگرانی کریں گے ۔ملاقات میں سندھ میں نئے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے ہوم ورک جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے کہاکہ سندھ وفاقِ پاکستان کی اہم ترین اکائیوں میں سے ایک ہے، بدقسمتی سے ظالم، کرپٹ اور خود غرض سیاسی ٹولے نے برسوں سندھ کے عوام کا خون چوسا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج اپنی کرپشن بچانے کیلئے ٹرین مارچ جیسے تماشے کئے جارہے ہیں۔سندھ کے عوام تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔سندھ کے عوام کو محرومیوں سے نکالنے کیلئے تحریک انصاف پوری محنت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتیں گے۔سندھ بھر سے محنتی اور وفاشعار کارکنان کو آگے لاکر تنظیمی ذمہ داریاں سونپیں گے۔انہوں نے کہاکہ نچلی ترین سطح سے لیکر صوبائی سطح پر بااختیار تنظیمی ڈھانچہ کھڑا کریں گے۔کارکنان تیاری کریں، مرکز، پنجاب اور پختونخوا میں آنے والے تبدیلی سندھ میں بھی لیکر جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں