سیالکوٹ، سکھر، بہاولپوراور رحیم یار خان کے ائیرپورٹس ایک ماہ بعد کھل گئے

پاکستان پر سے گزرنے والی پروازوں کیلئے فضائی حدود کی جزوی بندش 24 گھنٹے مزید برقرار رہے گی

منگل 26 مارچ 2019 23:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ائیرپورٹس پر ایک ماہ بعد فضائی آپریشن بحال کردیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) کے نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور اور رحیم یارخان کے ائیرپورٹس 27 فروری کے بعد سے بند تھے تاہم اب ان ائیرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ان ائیرپورٹس کے کھل جانے کے بعد اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت منگل سے شروع کردی گئی ہے۔نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پر سے گزرنے والی پروازوں کیلئے فضائی حدود کی جزوی بندش 24 گھنٹے مزید برقرار رہے گی۔دوسری جانب ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) کے مطابق ائیرپورٹ کھلتے ہی پی آئی اے نے ان شہروں کیلئے فضائی شیڈول بحال کردیا ہے تاہم سیالکوٹ ائیرپورٹ کا رن وے ضروری مرمت کیلئے بند ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے 28 مارچ کی شام سے سیالکوٹ سے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں