جامعہ کراچی، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان کا جمیل جالبی کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعرات 18 اپریل 2019 20:18

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل جالبی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر جمیل ایک عظیم محقق، ماہر تعلیم نقاد اور صفِ اول کے ادیب تھے۔ انہوں نے اُردو زبان اور ادب کے خزانے میں لازوال اضافہ کیا ہے، ان کی مرتب کردہ ضخیم اُردو انگریزی لغت ان کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کلچر پر ان کی کتاب ایک سند کا درجہ رکھتی ہے، بطور مورخِ ادب پوری اُردو دنیا میں ان کا کوئی ہمسر نہیں ہے۔ مترجم کی حیثیت سے بھی ان کا کوئی ثانی نہیں، انہوں نے انگریزی تنقید کے بہترین مضامین کو ’’ارسطوسے ایلیٹ تک ‘‘ کے نام سے ترجمہ کر کے شائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی میں 1983ء سے 1987ء تک انہوں نے وائس چانسلر کے منصب پر رہ کر اعلیٰ ترین تعلیمی خدمات دیں۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ مرحوم نے اپنا نادرکتب خانہ کراچی یونیورسٹی کو عطیہ کیا ہے جس کے لئے ڈاکٹر جمیل جالبی لائبریری وریسرچ سینٹر کے نام سے علیحدہ عمارت زیر تعمیر ہے۔ ڈاکٹر جمیل جالبی کی موت اُردو ادب،تنقید ،لسانیات اور تحقیق کا ناقابل تلافی نقصان ہے، یہ کبھی پُر نہیں ہوسکتا، اللہ تعالیٰ اُن کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں