مستقبل کے معمار اگر اپنے آغاز سے ہی غلط رجحانات میں پڑ گئے تو آگے کیا کریں گی طاہر ملک

ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات و ترجمان تحریک انصاف سندھ طاہر ملک کا خصوصی بیان

جمعہ 19 اپریل 2019 00:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات و ترجمان طاہر ملک نے سندھ کے طلبا میں نقل کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کے معمار اگر اپنے آغاز سے ہی غلط رجحانات میں پڑ گئے تو آگے کیا کریں گی اسکول اور کالجز کے اساتذہ خود نقل کروا رہے ہیں۔

طلبا کا مستقبل برباد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں شعبہ نشرواشاعت سندھ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج حکومت سندھ نے تعلیم سے غفلت برتی تو آنے والی نسلیں اسے کبھی معاف نہیں کریں گی۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ نقل کا گھناؤنا کاروبار کرنے والی مافیا کو لگام دی جائے اور مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے حقیقی معانی سے روشناس کرایا جائے۔

(جاری ہے)

علم ہی ہمیں موجودہ اور آئندہ ہر طرح کے مسائل کا حل دیتا ہے۔ اگر طلبا تندہی سے علم حاصل نہیں کریں گے تو مستقبل میں کامیابی حاصل کرنا ایک خواب ثابت ہوگا۔ سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کو اس پر سخت ایکشن لینا ہوگا۔ محکمہ تعلیم سندھ اپنے فرائض سے سنگین غفلت کا مرتکب ہوا ہے۔ سندھ حکومت کو چاہئے کہ تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ اگر ہم اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دیں گے، تبھی ان کا مستقبل روشن ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں