اسد عمر رن آوٹ نہیں ہوئے انہیں ریٹائرڈ کردیا گیا ہے ، مرتضی وہاب

سندھ حکومت نے کنٹینر کا استعمال انسانی خدمت کے لئے کیا جبکہ وفاقی حکومت نے سیاست کے لئے کنٹینر کا استعمال کیا، پاکستان تحریک انصاف کے پاس ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا کوئی معاشی منصوبہ موجود نہیں، مشیر اطلاعات سندھ

جمعہ 19 اپریل 2019 20:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) مشیر اطلاعات سندھ قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اسد عمر رن آؤٹ نہیں ہوئے انہیں ریٹائر کر دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے کنٹینر کا استعمال انسانی خدمت کے لئے کیا جبکہ وفاقی حکومت نے سیاست کے لئے کنٹینر کا استعمال کیا، پاکستان تحریک انصاف کے پاس ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا کوئی معاشی منصوبہ موجود نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے کریم آباد میں سندھ حکومت اور قومی ادراہ صحت برائے امراض قلب کے اشتراک سے منعقدہ چیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تقریب میں بطور مہمان خصوصی مشیر اطلاعات سندھ قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر، پی ٹی آئی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی اسلم خان،عمراوماری اور دیگر نے شرکت کی، مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح ربن کاٹ کرکیا، اس موقع پر مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے، سندھ حکومت کا وژن صرف انسانوں کی خدمت کرنا ہے، سندھ حکومت اور این آئی سی وی ڈی کی اشتراک سے شہر میں یہ نواں چیسٹ پین یونٹ قائم کیا گیا ہے، اب ناصرف کراچی بلکہ سندھ کے مختلف شہروں میں چیسٹ پین یونٹس اور سیٹلائٹ سینٹر قائم کیئے ہیں، اب اندرون سندھ سے عوام کو دل کے علاج کے لئے کراچی نہیں آنا پڑتا، چیسٹ پین یونٹ میں مریض کو فوری طبی امداد دینے کے بعد اسپتال روانہ کیا جاتا ہے، کراچی ڈھائی کروڑ آبادی کا شہر ہے لمباسفر طے کرنا مشکل ہوتا ہے، یہ چیسٹ پین یونٹ فوری طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، آئندہ دو ماہ میں مزید 8 چیسٹ پین یونٹ قائم کئے جائنگے جبکہ مجموعی طور پر سترہ یونٹس قائم کرینگے، اب تک قائم آٹھ چیسٹ پین یونٹس میں سوا دو لاکھ مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے جنہیں فوری طبی امداد دینا لازمی تھا، ہر معاملے میں سیاسی کھینچا تانی مناسب نہیں ہوتی، وفاقی حکومت کو چاہیئے اس مثال کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دوسرے صوبوں میں اس طرح کے پروگرام شروع کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ لوگ سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، یہ کنٹینر سندھ حکومت نے انسانی خدمت کے لئے استعمال کیا جبکہ پی ٹی آئی نے سیاست کے لئے کنٹینر کا استعمال کیا، صوبہ میں کئی مسائل ہیں اور انکو حل کرنا ہوگا، اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن قائم کیا تھا، کے ایم سی کے تحت چلنے والا ادارہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیسیز کے ایم سی صحیح طریقے سے چلانے میں ناکام رہی ہے، کے ایم سی کو آفر کرتے ہیں کہ اگر ان سے امراض قلب کا ادارہ نہیں چل پا رہا تو سندھ حکومت کے دروازے کھلے ہیں انہیں چلانے دیں، اسد عمر کے استعفی کے حوالے سے کہا کہ اسد عمر رن آوٹ نہیں ہوئے انہیں ریٹائر کر دیا گیا ہے، اسد عمر کو نہیں پتا تھا کہ انہیں ہٹایا جارہا ہے، اگر وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتی تو آج سب کا اعتماد حاصل ہوتا، آج مہنگائی میں اضافے کے بعد وزیر خزانہ مستغفی ہوگئے ہیں، آٹھ نو ماہ ضائع ہونے کے بعد اب وزیر خزانہ تبدیل کردیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے پاس ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے کوئی معاشی منصوبہ نہیں ہے، انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑی محنت کے بعد میچ شروع ہوا تھا، اس میچ کا مقصد عوام کو لطف اندوز کرنا تھا،میچ کے باعث پاکستان کی عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں، ابھی میچ ختم ہونے دینا نہیں چاہتے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کا منتظر ہوں، آئی جی سندھ، سندھ حکومت کے ماتحت ہیں، سندھ حکومت آئی جی کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، اس موقع پر ندیم قمر نے کہا کہ سینے کے درد میں مبتلا افراد کی فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کیا ہے، ایک سے ڈیڑھ سال میں مختلف یونٹس میں دو لاکھ سترہ ہزار مریضوں کا معائنہ ہوا ہے، یہ ہمارا نواں چیسٹ پین یونٹ ہے، ملیر ہالٹ، گلشن چورنگی، ناگن چورنگی، لیاری، آئی آئی چندریگر روڈ اور دیگر جگہوں پر یونٹس موجود ہیں، این آئی سی وی ڈی کے قائم کردہ یونٹس میں سینے کے درد میں مبتلا مریضوں کو 24 گھنٹے فوری طبی امداد دی جائے گی، ضلع وسطی کے لوگ اس سے دل کا بروقت علاج کرواسکیں گے یہاں بالکل مفت لوگوں کا علاج کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں